وارانسی - پورے ملک کے عوام کی توجہ مرکوز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-18

وارانسی - پورے ملک کے عوام کی توجہ مرکوز

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
بی جے پی کی جانب سے نریندر مودی کو وارانسی لوک سبھا حلقہ سے امیدوار بنائے جانے اور پھر عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کجریوال کا اسی حلقہ سے ان کے حلاف مقابلہ کرنے کا ارادہ ظاہر کرنے کے بعد سبھی کی نگاہیں وارانسی پر مرکوز ہوگئی ہیں۔ کجریوال نے کل بنگلور کے ایک جلسہ عام میں اعلان کیا کہ وہ 23مارچ کو واراناسی میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور عوام کی خواہش ہوتو نریندر مودی سے مقابلہ کریں گے۔ کانگریس نے اس حلقہ سے ابھی تک اپنے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن کہا ہے کہ مقابلہ ٹکر کا ہوگا۔ ایس پی نے مرزا پور کے رکن اسمبلی کیلاش چوراسیا کو امیدوار بنایا جب کہ بی ایس پی وجئے جیسوال کو میدان میں اتارے گی۔ 2009ء کے انتخابات میں بی ایس پی امیدوار کی حیثیت سے ڈاکٹر جوشی سے بالکل قریب پہونچنے والے مختار انصاری اس مرتبہ قومی ایکتا دل کے ٹکٹ پر مقابلہ کررہے ہیں۔ بی جے پی کے موجودہ رکن ڈاکٹر مرلی منوہر جوشی کے مقابلہ میں 2009ء کے انتخابات میں مختار انصاری صرف 18ہزار ووٹوں سے ہارگئے تھے۔ اترپردیش میں لوک سبھا کے سب سے زیادہ 80حلقے ہیں جو کسی بھی پارٹی کو ملک پر حکمرانی کا اہل بناسکتے ہیں۔ بی جے پی نے کافی غور و خوص کے بعد مودی کو اترپردیش سے امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا تاکہ ریاست میں پارٹی کارکنوں اور عوام میں جوش و خروش پیدا کیا جاسکے۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کجریوال کی تنقیدوں سے پریشان بی جے پی نے آج کہاکہ وہ صرف خبروں میں اجاگر رہنے کے مقصد سے پارٹی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی پر تنقیدیں کررہے ہیں۔ بی جے پی ترجمان شاہنواز حسین نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ اگر کجریوال سرخیوں میں رہنا چاہتے ہیں تو انہیں "نمونمو" جپنا چاہئے۔ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ صرف خبروں میں اجاگر رہنے وہ مودی، مودی کررہے ہیں۔ شاہنواز حسین نے کہاکہ دہلی کے اقتدار سے محرومی کے بعد کجریوال کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ میڈیا اور عوام ان کے بارے میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ اگر وہ مودی کے خلاف نہ بولیں تو میڈیا ان کو نظر انداز کردے گا۔

Varanasi - the election focus of the entire nation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں