امریکہ روس تعلقات خراب ہو جانے کا انتباہ - جان کیری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-03

امریکہ روس تعلقات خراب ہو جانے کا انتباہ - جان کیری

یوکرین میں روس کی فوجی جارحیت کا الزام عائد کرتے ہوئے امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے کہاکہ اس کا سنگین اثر امریکہ اور روس کے تعلقات پر پڑے گا۔ جان کیری نے کہاکہ روس نے یوکرین میں دخل اندازی کرکے اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی کی ہے اور 1994ء میں کئے گئے معاہدہ کی خلاف ورزی کی ہے۔ جان کیری نے ایک بیان جاری کرکے کہاکہ اگر روس کشیدگی کو کم کرنے فوری قدم نہ اٹھائے تو اس سے روس کا بین الاقوامی مقام جاتا رہے گا۔ جان کیری نے کہاکہ انہوں نے اپنے عالمی ساتھیوں سے رابطہ قائم کرکے آئندہ کے اقدام کیلئے مشاورت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے دوسرے ممالک کے وزرائے خارجہ سے مشاورت شروع کردی ہے اور ان سے آئندہ اقدام کے سلسلہ میں مدد طلب کی ہے تاکہ اس تاریخی لمحے میں یوکرین اور اس کے عوام کی مدد کی جائے۔ آنے والے دنوں میں اقوام متحدہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں سرگرم مباحث شروع ہوجائیں گے۔ اس کے علاوہ ناٹو تنظیم اور یورپی سلامتی و تعاون ادارہ سے مشاورت کی جائے گی۔ اس طرح بین الاقوامی امن کی برقراری کو یقینی بنایاجائے گا۔ امریکی صدر بارک اوباما نے بھی روس سے اپنی افواج یوکرین سے واپس طلب کرنے کامطالبہ کیا ہے۔ سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے کہاکہ جہاں تک یوکرین میں روسی نسلی عوام کے تحفظ کا سوال ہے ہم بھی روسی نسلی عوام کے تحفظ کے تعلق سے جائز طورپر متفکر ہیں۔ تاہم اس جائز تشویش کا ازالہ اس انداز سے کیا جانا چاہئے کہ اس سے یوکرین کے اقتدار اعلیٰ کی خلاف ورزی نہ ہو۔ روس کو چاہئے کہ وہ یوکرین کی حکومت سے راست رابطہ قائم کرکے اپنی اس جائز تشویش کاازالہ کرسکتاہے۔ کل امریکہ کے سرکردہ سفارتکاروں نے یوکرین کے عبوری صدر اولک سنڈر سے بات چیت کی۔ جان کیری نے یوکرین کے قائدین کو یقین دلایا کہ امریکہ ان کی بھرپور مدد کرے گا۔ انہوں نے یوکرین کے قائد کی جرت اور حوصلہ کی ستائش کی۔ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ نے کہاکہ اگر روس فوری طورپر کشیدگی کو دور کرنے کی کوشش نہ کرے تو امریکہ اور روس کے تعلقات مزید ابتر ہوجائیں گے۔ امریکہ روس میں ہونے والی گروپ 8 چوٹی کانفرنس سے دور رہے گا۔

Ukraine: John Kerry's Warning To Russia

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں