یوکرین تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-03

یوکرین تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا

یوکرین نے آج خبردار کیا ہے کہ وہ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ اس نے اپنے تمام محفوظ سپاہی طلب کرلئے ہیں۔ یوکرین کے موافق مغرب نئے وزیراعظم آر شیملی یاشینکوف نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی چڑھائی کا مطلب جنگ اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا خاتمہ ہوگا۔ یاشینکوف نے ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب کے دوران کہاکہ یہ محض دھمکی نہیں ہے بلکہ یہ میرے ملک کے خلاف اعلان جنگ ہے۔ امریکہ کے صدر بارک اوباما نے یوکرین کے اقتدار اعلیٰ کی خلاف ورزی پر اپنے روسی ہم منصب ولادیمر پوٹین کو انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ وہ کریمیا میں تعینات ان کے فوجی دستے بیرکوں میں واپس بھیج دیں۔ اوباما نے کہاکہ ماسکو کے انکار کا نتیجہ آنے والے جی 8 چوٹی اجلاس میں امریکہ کی عدم شرکت کی صورت میں برآمد ہوگا۔ اوباما نے اپنے 90منٹ طویل فون کال کے دوران یوکرین کے اقتدار اعلیٰ اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی پر روس سے گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے پوٹین سے کہاکہ وہ کریمیا میں تعینات دستے بیرکوں میں واپس بھیج دیں یا سیاسی و اقتصادی تنہائی کا سامنا کریں۔ دونوں قائدین کے درمیان کل فون پر بات چیت کے بعد وائٹ ہاوز نے کہاکہ امریکہ سے روس سے کہا کہ وہ کریمیا میں موجود دستے فوجی ٹھکانوں کو واپس بھیجتے ہوئے کشیدگی کم کرے اور یوکرین کے کسی مقام پر مداخلت سے باز رہے۔ اوباما نے پوٹین سے کہاکہ روس نے یوکرین میں مداخلت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے چارٹر اور 1997ء میں کیف کے ساتھ طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ اوباما نے ماسکو کو متنبہ بھی کیا کہ اس پیشرفت پر واشنگٹن اور اس کے اتحادی ممالک کی جانب سے ردعمل ظاہر کیا جاسکتا ہے۔ کریملن کے بیان کے مطابق امریکی صدر کی جانب سے تشویش کے اظہار کے ردعمل میں پوٹن نے یوکرین میں انتہائی قوم پرستوں کی جرائم پیشہ کارروائیوں کی جانب نشاندہی کی۔ روسی صدر نے کہاکہ یوکرین میں روسی شہریوں کو حقیقی خطرات لاحق ہیں۔ کریملن کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر پوٹن نے حالیہ تناؤ کے تناظر میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اور فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ سے بھی بذریعہ ٹیلی فون رابطہ کرتے ہوئے اپنے موقف کااظہار کیا۔ دریں اثناء یواین آئی کی اطلاع کے بموجب یوکرین نے شمالی اوقیانوسی معاہداتی تنظیم(ناٹو) سے ملک کی وحدت و سالمیت سے ملک کے تحفظ کے لئے تمام ممکن متبادل تلاش کرنے کی اپیل کی ہے۔ یوکرین کے وزیر خارجہ سرگوئی ڈیش چیرتسے نے کل بتایاکہ انہوں نے اس سلسلے میں امریکہ اور یوروپی یونین کے افسران سے بات چیت کرنے کے بعد ناٹو سے مدد کی اپیل کی ہے۔ وزیر موصوف نے مزید کہاکہ ملک کی اتحاد و سالمیت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ شہریوں اور ملک کے ایٹمی تنصیبات کے تحفظ کی بھی اشد ضرورت ہے۔

PM says Ukraine on the 'brink of disaster'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں