تیزاب حملہ کی شکار ہندوستانی خاتون کو بہادری کا بین الاقوامی ایوارڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-06

تیزاب حملہ کی شکار ہندوستانی خاتون کو بہادری کا بین الاقوامی ایوارڈ

واشنگٹن۔
(پی ٹی آئی)
ہندوستان میں خواتین پر تیزاب حملوں کے خلاف مہم کی کامیاب قیادت کرنے پر ہندوستانی خاتون لکشمی کو جرأتمند خواتین کا بین الاقوامی ایوارڈ دیا گیا ہے جنہیں امریکی خاتون اول مشیل اوباما نے تہنیت پیش کی۔ واضح رہے کہ لکشمی خود بھی تیزاب حملہ کا شکار ہوئی ہیں۔ کل ایوارڈ تقریب کے دوران لکشمی نے اپنے تجربات پر مبنی ایک نظم سنائی۔ جس کی سماعت کرتے ہوئے اوباما اور اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے آڈیٹوریم میں موجود حاضرین کی کثیر تعداد بے حد متاثر ہوئی۔ لکشمی نے دنیا کے مختلف علاقوں بشمول افغانستان اور فیجی کی دیگر خواتین کے ساتھ کل یہ باوقار ایوارڈ حاصل کرنے کے فوری بعد یہ نظم پڑھ کر سنائی جس میں انہوں نے کہا "آپ نے میرے پر نہیں بلکہ میرے خوابوں پر تیزاب پھینکا ہے۔ آپ کے دل میں پیار نہیں بلکہ تیزاب بھرا ہوا تھا"۔ اصل نظم ہندی زبان میں ہے۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ لکشمی کے ایک واقف کار نے سال 2005ء میں اس کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا تھا جس کی وجہہ سے وہ مستقل طورپر بد صورتی کا شکار ہوگئی ہے۔ تیزاب پھینکے جانے کے وقت لکشمی کی عمر 16سال تھی اور وہ نئی دہلی کے مصروف ترین خان مارکٹ علاقہ میں بس اسٹاپ پر انتظار کررہی تھی۔ اس کے حملہ آور نے جو اس کے دوست کا 32سالہ بھائی تھا،لکشمی کے چہرے پر اس وقت تیزاب پھینک دیا جب اس نے اس کی یکطرفہ محبت کو قبول کرنے سے انکار کردیاتھا۔

US First Lady Honours Indian Acid Attack Victim Laxmi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں