روس یوکرین کے اقتداراعلیٰ کا احترام کرے - امریکہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-01

روس یوکرین کے اقتداراعلیٰ کا احترام کرے - امریکہ

امریکہ نے یوکرین کے جزیرہ نما کریمیا میں پیدا ہونے والے تشویشناک حالات کے پس منظر میں روس سے یوکرین کی سالمیت اور اقتدار اعلیٰ کا احترام کرنے کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ اس علاقہ میں روسی زبان بولنے والوں کی اکثریت ہے اور امریکہ سمجھتا ہے کہ اس پر روس کی نظر ہے۔ امریکی صدر کے دفتر کے ترجمان جے کارنی نے کل یہاں ایک معمول کی پریس کانفرنس میں کہاکہ ہم یوکرین کے اقتدار اعلی اور سالمیت کا بھرپور احترام کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ دوسرے لوگ بھی ایسا ہی کریں۔ واضح رہے کہ یوکرین کی خودمختار جمہوریہ کریمیا میں سکیورٹی عہدیداروں کو اس وقت چوکس کردیاگیا تھا جب بعض مسلح افراد نے مقامی حکومت اور پارلیمنٹ کی عمارت پر قبضہ کرلیا تھا۔ دوسری جانب یوکرین کی قائم مقام صدر الیکزینڈر ترچی نوف نے بھی انتباہ دیا ہے کہ کریمیا میں واقع روس کی طرف سے ہونے والی بحرہ اسود پر کسی بھی قسم کی فوجی سرگرمی کو اشتعال کے مترادف سمجھا جائے گا۔ کارنی نے کہاکہ امریکہ نے یوکرین کی سرحدوں کے قریب روس کی فوجی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے۔ کارنی نے مزید کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ روس اپنی فوجی سرگرمیوں کے تعلق سے شفافیت کا مظاہرہ کرے گا اور کسی قسم کی پر اشتعال کارروائی سے بازرہے گا۔ علاوہ ازیں امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کل اپنے روسی ہم منصب سے فون پر بات کی۔ بعدازاں انہوں نے کہاکہ انہیں روس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ یوکرین کی خود مختاری کا مکمل احترام کرے گا۔

Russia told US it would respect Ukraine's sovereignty

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں