دہلی میں نصف شب کو کئے گئے دھاوے کی عدالتی تحقیقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-01

دہلی میں نصف شب کو کئے گئے دھاوے کی عدالتی تحقیقات

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
دہلی کے سابق وزیرقانون سومناتھ بھارتی کی جانب سے کھڑکی ایکسٹینشن علاقہ میں 15اور16جنوری کی درمیانی شب کئے گئے دھاوے کی عدالتی تحقیقات کی رپورٹ میں مالویہ نگر پولیس کو عملاً کلین چٹ دے دی گئی ہے۔ یہ رپورٹ لفٹنٹ گورنر نجیب جنگ کو آج پیش کی گئی۔ ریٹائرڈ ایڈیشنل و سیشن جج بی ایل گرگ کی جانب سے کی گئی تحققیات میں بادی النظر میں دہلی کے سابق وزیر قانون کو نصف شب کو کئے گئے دھاوے پر تنازعہ پیدا کرنے کا مورد الزام ٹھہرایا گیا ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ عام آدمی پارٹی کیلئے ایک دھکہ ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ سابق چیف منسٹر اروند کجریوال نے بھارتی کی پرزور مدافعت کی تھی۔ لیفٹنٹ گورنر نے اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا تھا جس کے بعد دوران بھارتی نے مقامی عوام کے ایک گروپ کی قیادت کرتے ہوئے جنوبی دہلی کے کھڑکی ایکسٹینشن علاقہ میں بعض افریقی باشندوں کی قیامگاہ پر نصف شب کو دھاوا کیاتھا۔ بھارتی مبینہ طورپر اس محلہ میں گئے تھے اور دعویٰ کیا تھا کہ یہاں بعض افریقی باشندے منشیات اور فحاشی کا ریاکٹ چلارہے ہیں۔ انہوں نے ابتداء میں پولیس سے اس مقام پر دھاوا کرنے کامطالبہ کیا تھا بہرحال جب پولیس نے ایسا کرنے سے انکار کردیا تو انہوں نے دھاوا کرنے ہجوم کی قیادت کی تھی۔ دہلی پولیس نے 19جنوری کو اس معاملہ میں نامعلوم افراد کے خلاف کیس درج کرلیا تھا۔ ایک افریقی خاتون نے جس پر دھاوے کے دوران مبینہ طورپر حملہ کیا گیا تھا سومناتھ بھارتی پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے دھاوا کرنے والے گروپ کی قیادت کی تھی جس کے بعد اس وقت کی عام آدمی پارٹی حکومت سے مطالبے کئے گئے تھے کہ وہ بھارتی کو ان کے عہدے سے برطرف کردے۔

Somnath Bharati's midnight raid: Judicial probe report gives clean chit to Delhi Police

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں