وادی کشمیر میں ہڑتال کے سبب عام زندگی متاثر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-01

وادی کشمیر میں ہڑتال کے سبب عام زندگی متاثر

سری نگر۔
(پی ٹی آئی)
وادی کشمیر میں حریت کانفرنس کی جانب سے ہڑتال کے اعلان پر آج عام زندگی ٹھپ ہوگئی۔ ضلع کپواڑہ میں فوج کی جانب سے کئے گئے انکاونٹر میں 7افراد کی ہلاکت کے خلاف بطور احتجاج ہڑتال کی اپیل کی گئی تھی جس کا کافی اثر دیکھا گیا۔ مصروف ترین تجارتی علاقہ لال چوک اور اُس کے اطراف کے علاقوں میں دکانیں، کاروباری ادارے اور پٹرول پمپ بند رہے۔ حتی کہ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں بھی حاضری بہت کم دیکھی گئی۔ اسکولس اور کالجس سرمائی تعطیلات کی وجہہ سے پہلے ہی بند ہیں۔ سڑکوں پر گاڑیاں بہت کم دیکھی گئیں جبکہ سرکاری ٹرانسپورٹ نے بھی اپنی گاڑیاں نہیں چلائیں۔ وادی کے دیگر اضلاع میں بھی بند کی اپیل کا کافی اثر دیکھا گیا۔ پولیس اور نیم فوجی فورسس کے کئی دستے حساس علاقہ میں تعینات کئے گئے تھے۔ حریت رہنما سیدعلی شاہ گیلانی نے مکمل بند اور بعد نماز جمعہ پرامن احتجاج منظم کرنے کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے فوج کی فائرنگ میں کپواڑہ میں 7 نوجوانوں کی مشتبہ ہلاکتوں پر سخت غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اس کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ فوج نے پیر کو دردپورہ جنگلات میں ایک انکاونٹر کے ذریعہ 7 افراد کو ہلاک کردیاتھا جن کی شناخت نہیں ہوسکی لیکن فوج کے دعویٰ کے مطابق یہ بیرونی عسکریت پسند تھے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ 7افراد شکار کیلئے گئے تھے جو واپس نہیں ہوئے۔ مقامی عوام کو شبہ ہے کہ یہ لاپتہ افراد ہی انکاونٹر میں ہلاک ہوئے ہیں فوج نے اس کی تردید کی ہے۔

Normal life affected in Kashmir due to strike

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں