کسی ملک کے حج کوٹے میں اضافہ نہیں - وزارت حج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-29

کسی ملک کے حج کوٹے میں اضافہ نہیں - وزارت حج

سعوی وزارت حج کے سکریٹری برائے امور عمرہ ایجینئر عیسیٰ رواس نے کہا ہے کہ امسال کسی بھی ملک سے عازمین حج کے مقررہ کوٹے میں اضافے کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی وزارت حج مقررہ کوٹے میں اضافہ کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرضی عمرہ و حج کمپنیوں کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی۔ حقیقی عمرہ و حج کمپنیوں کے ناموں کو ذرائع ابلاغ میں شائع کیا جائے گا تاکہ لوگ ان سے درست طور پر مستفیض ہو سکیں۔
ذرائع نے مزید کہا کہ عازمین حج کے کوٹے میں اضافہ کی باتیں کی جا رہی ہیں حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ گذشتہ برس حرم شریف میں جاری توسیعی منصوبے کی وجہ سے تمام ممالک کے کوٹے کم کر دئے گئے تھے جس کی باقاعدہ منظوری خادم الحرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے دی تھی۔ کوٹے میں کمی کی وجوہات سے بھی دیگر ممالک کے حج مشنز کو تفصیلی طور پر مطلع کر دیا گیا تھا۔
عیسیٰ رواس نے مزید بتایا کہ وزارت حج نے معتمرین کی مملکت میں آمد و رفت کے حوالے سے کمپیٹرائزڈ پروگرام تیار کیا ہے جس سے عمرہ کی غرض سے دنیا کے کسی بھی کونے سے آنے والے کا نام مملکت آنے سے 24 گھنٹے قبل جاری کر دیا جائے گا۔ اس ڈیجیٹل پروگرام میں مملکت آنے والے معتمر کی آمد و رفت کا مکمل خاکہ ہوگا جس سے عمرہ کمپنیوں اور وزارت حج کے شعبہ عمرہ کو کافی سہولت حاصل ہوگی۔ علاوہ ازیں معتمرین کی فلاح و بہبود کے لیے جامع منصوبے مرتب کیے جا رہے ہیں تاکہ رمضان المبارک میں آنے والے معتمرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

No Hajj quota increment of any country - Ministry of Hajj

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں