لاپتہ طیارہ بحر ہند میں تباہ - وزیراعظم ملایشیا کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-25

لاپتہ طیارہ بحر ہند میں تباہ - وزیراعظم ملایشیا کا اعلان

کوالالمپور۔
(پی ٹی آئی)
ملایشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے ملایشیا ایر لائنز طیارہ کے پراسرار طورپر لاپتہ ہونے کے 17دن بعد آج کہا ہے کہ 5ہندوستانیوں کے بشمول 239 مسافرین کے ساتھ لاپتہ ہونے والا یہ طیارہ جنوبی بحیرہ ہند میں ایک دور دراز کے مقام پر تباہ ہوگیا ہے اور کوئی زندہ نہیں بچا ہے۔ نیز ان کے خاندانوں کو مطلع کردیاگیا ہے۔ مغموم نظر آنے والے نجیب رزاق نے جو علامتی سیاہ سوٹ میں ملبوس تھے رات دس بجے منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ انتہائی افسوس اور غم کے ساتھ میں آپ کو مطلع کرتا ہوں کہ نئے سٹیلائٹ ڈیٹا کے مطابق فلائٹ MH370 جنوبی بحیرہ ہند میں ختم ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ متاثرہ خاندانوں کیلئے گذشتہ چند ہفتہ دل شکن تھے۔ میں جانتا ہوں کہ یہ تمام کیلے انتہائی دل توڑنے والی بات ہے۔ ملایشین ایرلائنز نے ایک علیحدہ بیان میں اس سانحہ سے متاثر ہر ایک شخص سے اظہار تعزیت کیا اور ان کیلئے دعائیہ کلمات کہے۔ تاہم 8مارچ کو لاپتہ ہونے والے ملایشیا ایر لائنز کے بوئنگ 777-200 طیارہ کے ملبہ کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔اس طیارہ کے مقام اور اس کے گرنے کی جگہ کے بارے میں کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ نجیب نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا جب گذشتہ پانچ دن سے کئی ممالک جنوبی بحیرہ ہند میں سرگرمی سے تلاش کا کام کررہے تھے۔ آسٹریلیا اور چین کے طیاروں نے پرتھ سے تقریباً2500 کلو میٹر دور مغرب میں بعض تیرتی ہوئی اشیاء کی اطلاع دی تھی جس کے بعد یہ تلاش کی جارہی تھی۔ نجیب نے کہاکہ وہ منگل ایک پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے اور MH370کے بارے میں مزید معلومات دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ کی سٹیلائٹ ڈیٹا فراہم کرنے والی کمپنی AAIB کے تجزے کی بنیاد پر ہم اس نتیجے پر پہونچے کہ MH370 فلائٹ نے جنوبی راہداری پر اڑان بھری اور اس کا آخری مقام پرتھ کے مغرب میں بحیرہ ہند کے وسط میں تھا۔ یہ بہت دور دراز کا مقام ہے جو لینڈنگ کے مقامات سے بہت زیادہ دور ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم متاثرہ خاندانوں کے احترام اور کھلے پن کے عہد کے طورپر یہ معلومات دے رہے ہیں اور ان دو اصولوں کی بنیاد پر تحقیقات کی گئیں۔ نجیب رزاق نے کہاکہ ملایشیا کے عہدیداران نے مسافرین اور ارکان عملہ کے خاندانوں سے بات کی ہے اور انہیں اس بارے میں واقف کرادیا ہے۔ ملایشیا کے وزیراعظم کی بریفنگ سے پہلے کئی ارکان خاندان کو ٹکسٹ پیامات کے ذریعہ مطلع کیاگیا۔ بیجنگ میں نیم طبی عملہ کے ارکان کو چینی مسافروں کے رشتہ داروں کی مدد کیلئے روانہ کیا گیا جو گذشتہ دو ہفتوں سے ایک ہوٹل پر انتظار کررہے تھے۔ نئی اطلاعات کے بارے میں جن کر کئی رشتہ دار روپڑے۔

Flight MH370 'crashed in south Indian Ocean' - Malaysia PM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں