انتخابی مصارف کی حد میں اضافہ کا مرکز کا فیصلہ قابل مذمت - ممتا بنرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-01

انتخابی مصارف کی حد میں اضافہ کا مرکز کا فیصلہ قابل مذمت - ممتا بنرجی

کولکاتا
(پی ٹی آئی)
لوک سبھا انتخابات کے مصارف کی حد کو 40لاکھ سے بڑھاکر 70لاکھ کرنے مرکز کے فیصلہ پر آج چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہاکہ اس فیصلہ سے صرف بھاری رقم رکھنے والی بڑی سیاسی جماعتوں کو مدد ملے گی اور کرپشن و کالے دھن کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ اس فیصلہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس کی وجہہ سے ترنمول کانگریس جیسی غریب جماعتیں نقصان میں رہیں گی۔ ممتا بنرجی نے جو ترنمول کانگریس کی سربراہ ہیں، کہاکہ انتخابی اصلاحات کے ایک حصہ کے طورپر انتخابی مصارف کی سرکاری فنڈنگ ایک دیرینہ مطالبہ رہا ہے۔ اس کے بجائے مرکزی حکومت نے انتخابی مصارف کی حد کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس فیصلہ پر وہ نہ صرف حیران ہوئی ہیں بلکہ ایسے اہم پالیسی مسئلہ پر سبکدوش ہونے والی حکومت کے رویہ کو دیکھتے ہوئے صدمہ کا شکار بھی ہوئی ہیں۔ ممتا بنرجی نے فیس بک پر کہاکہ اس فیصلہ سے سرمایہ دار اور بڑی سیاسی جماعتوں کو مدد ملے گی جن کے پاس کافی پیسہ ہے اور جو انتخاب میں ہمیشہ کروڑوں روپے صرف کرتی ہیں۔ ہمارے جیسی غریب سیاسی جماعتیں کیا کریں گی۔ اس فیصلہ سے ہمارے جیسی غریب سیاسی جماعتوں کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے اس کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ افسوسناک فیصلہ یقیناًزیادہ سے زیادہ کرپشن اور کالے دھن کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے آج لوک سبھا انتخابات کیلئے مصارف کی حد کو زیادہ سے زیادہ 70لاکھ اور کم ازکم54لاکھ مختص کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی۔ اس طرح امیدوار اپنی انتخابی مہم پر مزید اخراجات کرسکیں گے۔

Mamata slams Centre's move to raise polls expenses limit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں