ممبئی اجتماعی عصمت ریزی کیس 4 خاطیوں کو سزائے عمر قید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-22

ممبئی اجتماعی عصمت ریزی کیس 4 خاطیوں کو سزائے عمر قید

#MumbaiGangRape
ممبئی۔
(پی ٹی آئی)
شکتی ملز میں ایک ٹیلی فون آپریٹر کی اجتماعی عصمت ریزی واقعہ کے تقریباً8ماہ بعد سشنس کی ایک عدالت نے 4مجرمین کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے چاروں مجرمین کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے احساس ظاہر کیا کہ جرم انتہائی سنگین اور ہیمانہ ہے۔ جرم سے متاثرہ اور بڑی حد تک سماج پر برا اثر پڑا۔ یہ حق زندگی کے بنیادی حق کی بھی خلاف ورزی ہے۔ حقیقت واقعہ کے ساتھ یہ بات بھی ذہن میں رکھی چاہئے کہ عصمت ریزی کے جرم نے لڑکی کے ذہن کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ پرنسپال سشنس جج شالینی کھنسالکر جوشی نے سزا سناتے ہوئے احساس ظاہر کیا کہ مجرمین 19سالہ وجئے جادھو، 21سالہ محمد قاسم حافیظ شیخ عرف قاسم بنگالی، 28سالہ محمد انصاری اور محمد اشفاق شیخ نے کسی جذباتی لمحہ کی بنیاد پر یہ جرم نہیں کیا بلکہ باضابطہ سازش رچتے ہوئے اس کا ارتکاب کیا۔ چاروں مجرمین کیلئے سزا کا اعلان کئے جانے کے بعدخصوصی سرکاری وکیل اجول نکم نے ایک درخواست داخل کرتے ہوئے ان میں کے 3مجرمین کے خلاف ایک فوٹو جرنلسٹ کی اجتماعی عصمت ریزی کیس میں اضافی الزامات وضع کرنے کی خواہش کی۔ انہوں نے جرم کے اعادہ کیلئے ان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 376(E) کے تحت الزام وضع کرتے ہوئے سزائے موت دینے کی عدالت سے خواہش کی۔ عدالت نے فوٹو جرنلسٹ کی عصمت ریزی کے معاملہ کی سماعت 24مارچ تک ملتوی کردی۔ عدالت نے گذشتہ روز دونوں خواتین کی اجتماعی عصمت ریزی کے کا 5ملزمین کو خاطی قرار دیا تھا اور انہیں عصمت ریزی کے علاوہ جرم کی سازش، مشترکہ ارادہ جرم، غیر فطری جنسی عمل، ناجائز حراست، حملہ اور ثبوت تلف کرنے جیسے جرم کا بھی قصور وار قراردیا۔ دنوں عصمت ریزیوں کے معاملہ میں جملہ7افراد گرفتار کئے گئے تھے جن میں 2نابالغ ہیں۔ ان میں 3مجرمین دونوں جرائم میں ملوث ہیں۔ وجئے جادھو، قاسم بنگالی اور محمد انصاری کو دونوں مقدمات میں خاطی قرار دیا گیا جبکہ سراج خاں صرف فوٹو جرنلسٹ کی اجتماعی عصمت ریزی کیس کا قصور وار پایا گیا۔ محمد اشفاق شیخ اُسی ویران شکتی ملز کے احاطہ میں گدشتہ سال 31جولائی کو ٹیلی فون آپریٹر کی عصمت ریزی کا قصور وار پایا گیا۔ ہر مقدمہ میں ایک ایک نابالغ بھی ملوث ہے جن کے خلاف جیونیل جسٹس بورڈ میں علیحدہ سے مقدمہ چلایاجارہا ہے۔

Life sentence for 4 convicts in Shakti Mills gangrape case

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں