سونیا اور راہول کے خلاف سماج وادی کا کوئی امیدوار نہیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-22

سونیا اور راہول کے خلاف سماج وادی کا کوئی امیدوار نہیں

لکھنؤ۔
(یو این آئی)
اترپردیش کی حکمراں سماج وادی پارٹی کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کے خلاف امیدوار کھڑا نہیں کرے گی۔ ایس پی ترجمان اور سینچائی کے وزیر شیوپال سنگھ یادو نے آج یہ اطلاع دی۔ شیوپال یادو نے بتایاکہ کانگریس کے ان دونوں اعلیٰ رہنماؤں کے خلاف انتخابی حلقوں یعنی رائے بریلی اور امیتھی میں پارٹی نے امیدوار نہ اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ایس نے لوک سبھا کے پچھلے چناؤ میں بھی ان دونوں کے خلاف امیدار کھڑے نہیں کئے تھے۔ کانگریس نے اس چناؤ میں ابھی تک سماج وادی پارٹی صدر ملائم سنگھ یادو کے حلقہ مین پوری اور اکھلیش یادو کی اہلیہ ڈمپل یادو کے خلاف بھی امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پارٹی نے مذکورہ دونوں سیٹوں سے کوئی امیدوار میدان میں نہ اتارنے کا فیصلہ کافی سوچ سمجھ کر کیا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ انتخابات کے بعد ان کی پارٹی حکومت سازی میں کانگریس کی حمایت کرے گی تو اس کا جواب دیتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے ترجمان نے کہاکہ آنے والے دنوں میں کیا ہوگایہ کوئی نہیں کہہ سکتا۔ اس سلسلے میں اترپردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ بہت سی سیاسی جماعتیں سماج وادی پارٹی پر نظریں لگائے بیٹھی ہیں اور غیر کانگریسی و غیر بی جے پی پارٹیوں کا ایک محاذ بھی پوری مضبوطی سے اپنی موجودگی درج کرارہا ہے۔ تاہم سماج وادی پارٹی کی اولین ترجیح یہ ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ حلقوں میں کامیابی درج کرائے۔ ریاست میں ہماری کوشش ہوگی کہ ہماری پارٹی سب سے بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے۔

SP may not field candidates against Sonia and Rahul

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں