کریمیا مسئلہ پر روس امریکہ سفارتی تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-10

کریمیا مسئلہ پر روس امریکہ سفارتی تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں

فلوریڈا۔
(رائٹر)
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ہفتہ کو روس کو انتباہ دیا کہ یوکرین کے کریمیا علاقہ کے الحاق کیلئے کسی بھی اقدام سے سفارتی دروازہ بند ہوجائے گا۔ امریکہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ایک عہدیدار نے یہ بات کہی۔ عہدیدار نے مزید کہاکہ انہوں نے واضح کیا کہ کریمیا یا یوکرین کے دوسرے مقامات پر فوجی کشیدگی میں اضافہ یا اشتعال انگیزی نیزکریمیا کے روس کے ساتھ الحاق کے ضمن میں اقدامات سے سفارت کاری کیلئے دستیاب گنجائش ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زوردیا۔ جان کیری نے اپنے روسی ہم منصف سرگئی لاروف سے کہا ہے کہ کریمیا درحقیقت یوکرین کا حصہ ہے اور ماسکو کو یہاں فوجی مداخلت سے گریز کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ بحران کے باعث امریکہ اور روس کے باہمی تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔ امریکہ کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاورف کے ساتھ ٹیلی فون پر بات کی۔ بات چیت کے دوران سرگئی لاورف نے جان کیری کو متنبہ کیا کہ روس کے کریمیا میں اقدامات کی وجہہ سے اگر اس پر پابندیاں لگائی گئیں تو ان کے نتائج پابندیاں لگانے والوں کو بھی بھگتنا پڑسکتے ہیں۔ روس نے یہ بھی کہا ہے کہ یورپی یونین کی جانب سے پابندیاں لگائی گئیں تو وہ بھی خاموش نہیں بیٹھے گا۔ اس سے قبل روس کے وزیر خارجہ لاورف نے کہا ہے کہ یوکرین کا بحران مصنوعی ہے اور اسے خطے کی سیاست کے تناظر میں پیدا کیا گیا ہے۔ انہوں نے روس کے یوکرین کی عبوری حکومت سے رابطوں کی تصدیق کی لیکن ان کا کہنا تھا کہ کیف دائیں بازو کے قدامت پسندوں کے زیر اثر ہے۔ لاورف نے کہاکہ روس یوکرین کے معاملہ پر مغربی ممالک سے مزید بات چیت کے لئے تیار ہے بشرطیکہ بات چیت دیانتدارانہ اور کسی ساتھی سے ہونے والی بات چیت جیسی ہو۔

Kerry warns Russia over future actions in Ukraine

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں