(پی ٹی آئی)
یہ بتاتے ہوئے کہ انہیں غیر منصفانہ طورپر بدنام کرتے ہوئے معطل کیا گیاہے، ڈی ایم کے لیڈر ایم کے الاگری نے آج الزام عائد کیا کہ پارٹی میں موجود بعض طاقتیں پارٹی سربراہ اور ان کے والد ایم کروناندھی کو اپنے فرائض انجام دینے سے روک رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے حامیوں کے کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی میں موجود بعض طاقتیں کلائیگنار (کروناندھی) کو پارٹی صدر کی حیثیت سے کام کرنے نہیں دے رہی ہیں۔ وہ پارٹی صدر کو ہراساں کررہی ہیں۔ ان کے اس ریمار ک کو اپنے چھوٹے بھائی اور ڈی ایم کے پارٹی کے خازن اسٹالن کے خلاف تبصرہ کے طورپر دیکھا جارہا ہے۔ ڈی ایم کے ساؤتھ زون کے آرگنائزنگ سکریٹری جنہوں نے مستقبل کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرنے اپنے حامیوں کا اجلاس طلب کیا تھا، ان کی معطلی سے پہلے پیش آئے واقعات کو تسلسل کے ساتھ بیان کیا۔ اس دوران یہ قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں کہ الاگری خود اپنی پارٹی قائم کرسکتے ہیں۔ انہیں جنوبی اضلاع میں پارٹی کا بااثر قائد تصور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی انتخابات میں بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کو روکنے کی کوشش کرنے پر انہیں نامناسب طورپر بدنام کرتے ہوئے معطل کردیا گیا ہے۔ مدورائی کے رکن پارلیمنٹ کو 24 اپریل کو مقرر لوک سبھا انتخابات کیلئے ٹکٹ دینے سے انکار کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کے آرگنائزنگ سکریٹری کی حیثیت سے انہوں نے مدورائی، رامتنا پورم، ویرودھ نگر اور دیگر کئی اضلاع میں پارٹی انتخابات میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی کیتھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے کئی حامیوں کی نامزدگیاں جانچ پڑتال کیلئے تک قبول نہیں کی گئیں۔ بیرونی دورہ پر جانے سے پہلے انہوں نے ثبوت کے ساتھ یہ مسئلہ کروناندھی کے ساتھ اٹھایا تھا اور ان سے کہا تھا کہ وہ اس برائی کو روکنے اقدامات کریں لیکن ان کے حامیوں کی شکایت پر غور نہیں کیا گیا اور انہیں معطل کردیا گیا۔ پارٹی صدر سے اس بارے میں دریافت کئے جانے پر انہوں نے میرے حامیوں کو برطرف کردینے کی دھمکی دی۔ میں نے انہیں بتایاکہ میرے حامیوں کو برطرف کرنا مجھے برطرف کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں (کروناندھی) نے میری بات سنی اور آپ سب جانتے ہیں کہ اس کے بعد کیا ہوا۔
Karunanidhi being harassed by some forces in DMK: Alagiri
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں