سہارنپور کے کانگریس امیدوار عمران مسعود گرفتار - 14 دن کی عدالتی تحویل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-30

سہارنپور کے کانگریس امیدوار عمران مسعود گرفتار - 14 دن کی عدالتی تحویل

حلقہ لوک سبھا سہارنپور کے کانگریس امیدوار عمران مسعود کو ان کی نفرت انگیز تقریر پر آج گرفتار کرلیاگیا۔ مسعود نے تقریر میں بی جے پی لیڈر نریندر مودی کو مبیبہ طورپر "ٹکڑے ٹکڑے کردینے کی" دھمکی دی تھی۔ ان ریمارکس پر بی جے پی نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے اس معاملہ کو الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے۔ پولیس نے 40سالہ مسعود کو آج صبح کی اولین ساعتوں میں یہاں ان کی قیامگاہ سے گرفتار کرلیا اور انہیں دیوبند جوڈیشیل مجسٹریٹ ارچنا رانی کے اجلاس پر پیش کیا جنہوں نے مسعود کی درخواست ضمانت مسترد کردی اور 14رو ز کیلئے مسعود کو عدالتی تحویل میں(جیل) بھیج دیا۔ کانگریس امیدوار نے کہا ہے کہ انہیں اپنے ریمارکس پر کوئی ندامت نہیں ہے۔ اسی دوران بی جے پی نے کانگریس کے خلاف الیکشن کمیشن کے پاس ایک سرکاری شکایت پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس پارٹی نے مثالی ضابطہ اخلاق کی "بار بار" خلاف ورزی کی ہے۔ عمران مسعود نے جنہوں نے اپنے ریمارکس پر کل افسوس کااظہار کیا تھا،(آج) اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ "یہ سب بی جے پی کی سازش ہے۔ مجھے کوئی پچھتاؤا نہیں ہے کیونکہ میں کوئی غلطی نہیں کی ہے۔ میں نریندر مودی یا بی جے پی سے معافی نہیں مانگوں گا"۔ کانگریس نے سہارنپور کے اپنے امیدوار عمران مسعود کی پیروی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ مسعود پر لگایا گیا الزام ضابطہ انتخابی اخلاق کی خلاف ورزی کے زمرہ میں شامل نہیں ہوسکتا، کیونکہ جس ویڈیو میں ان کا بیان شامل ہے وہ 6ماہ پرانا ہے۔ اس ویڈیو میں عمران مسعود نے کہا تھا کہ اترپردیش گجرات نہیں ہے، اگر نریندر مودی یوپی آئیں گے تو وہ ان کے ٹکڑے ٹکڑے کردیں گے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ضابطہ انتخابی اخلاق 5مارچ کو نافذ ہوا اور یہ ٹیپ 6ماہ پرانا ہے، لہذا عمران مسعود پر کوئی کیس نہیں بنتا۔ سہارنپور میں ایک انتخابی ریالی کے فوٹیج میں عمران مسعود کو بی جے پی کے امیدوار وزارت عظمی نریندر مودی پر تنقید کرتے دکھایا گیا ہے۔ یہ ویڈیو، ویب سائٹس پر دکھایا گیا ہے۔ سہارنپور کے ایس ایس پی منوج کمار نے کہاکہ "ہمیں مسعودہ کا ایک ویڈیو فوٹیج حاصل ہواہے۔ اس فوٹیج کے جائزہ کی بنیاد پر دیوبند پولیس اسٹیشن میں مسعود کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مسعود کے خلاف تحت دفعہ 295، 504، 506 قانون تعزیرات ہند اور دفعہ 125 قانون عوامی نمائندگی و نیز دفعہ 310 قانون ایس سی؍ ایس ٹی مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ ضروری تحقیقات کی جارہی ہیں اور قانونی کارروائی کی جائے گی"۔ ویڈیو میں کانگریس امیدوار کو یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ "اگر مودی نے یوپی کو گجرات بنانے کی کوشش کی تو ہم ان کے ٹکڑے ٹکڑے کردیں گے۔ دریں اثناء سہارنپور سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب گرفتارشدہ کانگریس امیدوار عمران مسعود کی بیوی کے ساتھ ایک شہ نسین پر پیش ہوتے ہوئے راہول گاندھی نے آج وزارت عظمی کیلئے بی جے پی کے امیدوار نریندر مودی کے ٹکڑے کرنے کی دھمکی سے متعلق ان کے متنازعہ تبصرہ کی مخالفت کی اور کہاکہ یہ تبصرہ پارٹی کے نظریات کے خلاف ہے۔ سہارنپور میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہاکہ مسعود کو ایسے سخت الفاظ استعمال نہیں کرنا چاہئے تھا کیونکہ کانگریس اپوزیشن کی طرح غصہ کی سیاست نہیں کرتی۔ مسعودکی گرفتاری کے فوری بعد پارٹی قائدین نے کہا تھا کہ راہول گاندھی سہارنپور میں مقررہ ریالی سے خطاب نہیں کریں گے تاہم غازی آباد جلسہ عام کے بعد راہول گاندھی نے سہارنپور کی ریالی میں شرکت کی جہاں انہوں نے مسعود کی اہلیہ شائمہ سے ملاقات کی۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شائمہ نے کہاکہ ان کے شوہر کو جھوٹے الزامات کی بنیاد پر پھنسایا جارہا ہے۔ اپنے آپ کو ایک بیٹی اور بہو قرار دیتے ہوئے شائمہ نے کہاکہ وہ عوام کا آشیرواد حاصل کرنے کیلئے اپنے بچوں کے ساتھ آئی ہیں۔

Hate speech: Imran Masood's bail plea rejected, sent to judicial custody for 14 days

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں