کشمیر کے ضلع باندی پورہ میں کرفیو نافذ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-16

کشمیر کے ضلع باندی پورہ میں کرفیو نافذ

کشمیر کے ضلع باندی پورہ میں جہاں ایک دن قبل پولیس فائرنگ میں نوجوان کی ہلاکت کے سبب آج کشیدگی میں اضافہ ہوا، کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ شمالی کشمیر کے باندی پورہ کے نیڈ کھائی علاقہ میں تشدد پر آمادہ ہجوم کے سکیورٹی فورس کے کیمپ پر حملہ کے دوران فرحت احمد ڈار ہلاک ہوگیا۔ پولیس کی ایک گاڑی جب ہجوم کا پیچھا کررہی تھی تو برہم احتجاجیوں نے اس گاڑی کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ اندر بیٹھے ہوئے پولیس ملازمین نے ہجوم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں نوجوان بری طرح زخمی ہوگیا۔ پولیس نے بتایاکہ نوجوان کو بغرض علاج ضلع بارہمولہ کے پٹن ٹاون منتقل کیا گیا لیکن وہ راستہ میں ہی زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ باندی پورہ کے ضلع مجسٹریٹ نے تحقیقات کا حکم دیا ہے اور پولیس نے اس معاملہ میں ایک ایف آئی آر بھی درج کرلی ہے۔ ضلع باندی پورہ کے حکام نے نظم و ضبط کی برقراری کے لئے آج صبح نیڈ کھائی، ہاجن، سنبھل، باندی پورہ اور دیگر علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا۔ گرمائی دارالحکومت سرینگر میں پولیس اور سی آر پی ایف کے دستوں نے عوام کو نقل و حرکت کی اجازت نہیں دی۔ سرینگر سٹی کے سیول لائنس علاقوں میں پولیس اور سی آر پی ایف کی بھاری جمعیت متعین کی گئی تھی جو بلوائیوں سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار تھی۔ اس کے باوجود ان علاقوں میں پیدل راہروں یا گاڑیوں کی آمدورفت پر کوئی تحدیدات نافذ نہیں کی گئیں۔ سرینگر سٹی میں دکانات اور دیگر تجارتی ادارے بند رہے۔ سڑکوں پر ٹریفک بھی نہیں تھی۔ تاہم کشمیر یونیورسٹی کے حکام نے پوسٹ گریجویٹ سطح کے تمام انٹرنس اور دیگر امتحانات کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ پولیس نے بتایاکہ صورتحال قابو میں ہے اور وادی کے کسی علاقہ سے اب تک کسی گڑبڑ کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ پی ٹی آئی کے بموجب اپوزیشن پی ڈی پی نے آج ضلع باندی پورہ میں پولیس فائرنگ میں ایک نوجوان کی ہلاکت کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ حکومت جموں وکشمیر کو تمام کشمیری نوجوانوں کے خلاف احتجاج کے سلسلہ میں درج کئے گئے مقدمات واپس لینا چاہئے۔ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایاکہ ہم پولیس کی جانب سے نوجوانوں کی گرفتاریوں ا ور ان کے خلاف مقدمات درج کرنے کے خلاف احتجاج کے دوران فرحت احمد ڈار کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈار کی موت کے بعد حکومت کو بیدار ہوجانا چاہئے اور نوجوانوں کے خلاف احتجاج کے سلسلہ میں درج کئے گئے کیسس واپس لینا چاہئے۔

Curfew in Kashmir's Bandipora district

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں