ملک کو فروخت کرنے بی جے پی اور کانگریس کا سنڈیکیٹ کوشاں - ممتا بنرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-13

ملک کو فروخت کرنے بی جے پی اور کانگریس کا سنڈیکیٹ کوشاں - ممتا بنرجی

نئی دہلی۔
(یو این آئی، پی ٹی آئی)
قائد ترنمول کانگریس ممتا بنرجی نے آج یہاں رام لیلا میدان پر منعقدہ ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ سارے ملک کو اپنا ملک تسلیم کرتی ہیں اور سارے ملک کے عوام کی بہبود کیلئے کام کریں گی"۔ میں اپنے لئے کچھ بھی نہیں چاہتی۔ یوپی اے حکومت کو جانا ہی چاہئے لیکن اس کی جگہ نہ تو وفاقی فرنٹ لے اور نہ ہی بی جے پی"۔ کانگریس اور بی جے پی دونوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ دونوں پارٹیوں نے آندھراپردیش کو تقسیم کرنے ایک "سنڈیکیٹ" بنالیا ہے حالانکہ سیما آندھرا کے عوام نے اس ریاست کو کاٹ کر ریاست تلنگانہ بنانے پر آمادگی ظاہر نہیں کی تھی۔ ریاستوں کا حق یہ ہے کہ ان سے مشورہ دکیا جائے۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ وہ دونوں پارٹیوں کا سنڈیکیٹ، پارلیمنٹ میں عدد طاقت کے سبب کچھ بھی کرسکتاہے"۔ قومی سلامتی پر سمجھوتہ بھی کرسکتا ہے۔ ممتا بنرجی نے بی جے پی کے امیدوار وزارت عظمی نریندر مودی پر بھی تنقید کی اور لوک سبھا انتخابات کے بعد کانگریس یا بی جے پی کی تائید کو خارج از امکان قراردیا ہے۔ انہوں نے مودی کا نام لئے بغیر کہاکہ "گجرات کا یہ لیڈر فرقہ پرست ہے"۔ بنرجی نے گجرات کی ترقی کے بارے میں(مودی کے ) دعویٰ کو بکواس قراردے کر مسترد کردیا اور کہاکہ "بی جے پی یہ کہتی ہے کہ وہ اقتدار پر آئے گی لیکن میں پوچھتی کہ وہ اقتدار پر کیسے آئے گی۔ گجرات کا چہرہ، فرقہ پرستی کا چہرہ ہے۔ گجرات کے عوام نہیں بلکہ گجرات کا لیڈر فرقہ پرست ہے"۔ قائد ترنمول کانگریس نے مزید کہاکہ کانگریس اور بی جے پی نے"ملک کو فروخت کیلئے ایک سنڈیکیٹ بنایا ہے۔ وہ (دونوں جماعتیں) باہم قریب ہوسکتی ہیں اور مارکسی پارٹی بھی ان جماعتوں سے مفاہمت کرتی ہے۔ ہم، کانگریس یا بی جے پی یا مارکسی پارٹی کی تائید نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی ایسے شخص کی تائید کریں گے جو ان جماعتوں کے ساتھ ہو"۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی سلامتی کو اولین ترجیح دی جانی چاہئے اور دونوں جماعتوں کو ملک کو بچاناپڑے گا۔ ترنمول کانگریس، کسانوں سے زبردستی زمین حاصل کرنے کی مخالف ہے۔ ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ کئی گوشوں بشمول مارکسی پارٹی، بی جے پی اور کانگریس سے انہیں ختم کردئیے جانے کی دھمکیاں ملی ہیں اور وہ ایسی دھمکیوں سے خوفزدہ یا مرعوب نہیں ہیں۔ یہ پارٹیاں کسی ناراضگی کو برداشت نہیں کرتیں اور اگر (کوئی شخص) ان جماعتوں سے سوال کرنے کی جرأت کرتا ہے تو انکم ٹیکس اور انفورسمنٹ ڈائرکٹریٹ جیسے اداروں کے حکام کو کھلی چھوٹ دی جاتی ہے۔

BJP,Congress can together sell country: Mamata

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں