ملائم سنگھ کیلئے مہم چلانے کی پیشکش سے امرسنگھ دستبردار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-23

ملائم سنگھ کیلئے مہم چلانے کی پیشکش سے امرسنگھ دستبردار

نئی دہلی۔
(یو این آئی)
سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سابق لیڈر امر سنگھ نے جنہوں نے حال ہی میں رشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) میں شمولیت اختیار کی ہے اور جنہیں پارلیمانی حلقہ فتح پور سیکری سے آر ایل ڈی نے ٹکٹ دیا ہے، آج ایک یوٹرن لیا اور سماج وادی پارٹی صدرملائم سنگھ یادو کیلئے اعظم گڑھ میں مہم چلانے کیلئے اپنے پیشکش سے دستبرداری اختیار کرلی۔ امرسنگھ نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس کے ساتھ ان کی پارٹی کے اتحاد کیلئے اپنی وفاداری کے سبب وہ ایس پی لیڈر کیلئے اب ہم نہیں چلاسکتے۔ کانگریس، حلقہ اعظم گڑھ سے ملائم سنگھ کے خلاف امیدوار کھڑا کررہی ہے۔ امرسنگھ نے بتایاکہ انہیں اعظم گڑھ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر اروند جیسوال سے ایک فون کال وصول ہوا کہ یہ پارٹی (کانگریس)، انہیں (جیسوال کو) یادو کے خلاف کھڑا کررہی ہے جس کے بعد صورتحال تبدیل ہوگئی۔ امرسنگھ نے کہاکہ "میں مخلوط دھرما کی خلاف ورزی نہیں کرسکتا۔ تاہم انہوں نے یہ کہنے میں پس و پیش کیا کہ وہ اپنے سیاسی اتالیق کے خلاف مہم چلائیں گے"۔ بار بار سوال کئے جانے پر امرسنگھ نے کہاکہ انہیں اپنی پارٹی قیادت کے کسی بھی حکم کی تعمیل کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سماج وادی پارٹی، فتح پور سیکری سے انہیں (امرسنگھ کو) شکست دینے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے۔ امرسنگھ نے ایک سینئر ایس پی لیڈر کا درپردہ حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ "اس پارٹی کے تمام بال گوپالس، میرا(سیاسی) صفایا کرنے آگرہ میں کیمپ کئے ہوئے ہیں"۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ امرسنگھ کو مخالف پارٹی سرگرمیوں پر سماج وادی پارٹی سے خارج کردیاگیا تھا۔ تاہم کہا جاتا ہے کہ وہ ملائم سنگھ یادو کے تعلق سے نرم گوشہ رکھتے ہیں اور ملائم سنگھ بھی سیاسی لاتعلقی کے باوجود سمجھا جاتا ہے کہ امر سنگھ کو اپنی پارٹی میں دوبارہ شریک کرنے کے مخالف نہیں ہیں لیکن سماج وادی پارٹی کے بعض قائدین کی شدید مخالفت کے باعث اس پارٹی میں امرسنگھ کا نام لئے بغیر ان کی ستائش کی تھی اور کہا تھاکہ اس پارٹی میں ایک لیڈر تھا جو اُن کے جذبات و احساسات کو سمجھتا تھا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا وہ (امرسنگھ)، حلقہ متھرا میں بی جے پی امیدوار ہیما مالینی(اداکارہ) کے خلاف مہم چلائیں گے، انہوں نے کہاکہ وہ مہم چلاسکتے ہیں کیونکہ خود ہیما مالینی نے "دوستی" کا کوئی لحاظ نہیں رکھا اور رامپور میں ایس پی لیڈر جیہ پردا کے خلاف گذشتہ عام انتخابات میں مہم چلائی۔ اس حلقہ سے مختار عباس نقوی بی جے پی امیدوار تھے۔

Amar Singh withdraws offer to campaign for Mulayam in Azamgarh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں