افغانستان کو امریکی فوج کی ضرورت نہیں - کرزئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-17

افغانستان کو امریکی فوج کی ضرورت نہیں - کرزئی

کابل۔
(یو این آئی)
افغانستان کے صدرحامد کرزئی نے کہا ہے کہ امریکی فوجی اس سال کے آخر تک اپنے ملک واپس جاسکتے ہیں کیونکہ افغان فوج اپنے ملک کی حفاظت بخوبی کرسکتی ہے۔ کرزئی نے پارلیمنٹ میں اپنی معیاد کار کے آخری خطاب میں کہا کہ افغان فوج اس وقت ملک کے 93فیصد علاقہ کی حفاظت کررہی ہے اور اب وہ پورے ملک کی حفاظت کرسکتی ہے۔ خیال رہے کہ افغانستان میں آئندہ ماہ صدارتی انتخابات ہونے والے ہیں۔ کرزئی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ انہوں نے طے شدہ آخری معیاد کے بعد افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں کے مزید یہاں رکنے سے متعلق کوئی معاہدہ نہیں کیا ہے۔ کرزئی نے ایک مرتبہ پھر کہاکہ وہ امریکہ کے ساتھ باہمی سکیورٹی معاہدے پر دستخط نہیں کریں گے، کیونکہ اس معاہدے کے تحت فوجی انخلا کے بعد بھی مکمل امن تک امریکہ، افغانستان میں اپنی فوجیں رکھ سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں صدارتی انتخابات ہر صورت میں صاف اور شفاف ہونے چاہئے اور اس کیلئے ملکی سکیورٹی فورسز اپنی پوری استعداد کے ساتھ کام کریں گی۔ ان کا کہناتھا کہ افغانستان سکیورٹی فورسز ان انتخابات کے موقع پر پوری طاقت اور اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ایک ایساپرامن ماحول قائم کرنے کی کوشش کریں گی، جس میں افغان عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان کی سکیورٹی فورسز اب اس قدر مضبوط ہیں کہ وہ غیر ملکی فوجوں کی غیر موجودگی میں بھی ملک میں قیام امن کی ذمہ داریاں انجام دے سکتی ہیں۔ کرزئی نے اس خطاب میں غیر ملکی حکومتوں کو متنبہ کیا کہ وہ ان انتخابات میں مداخلت سے باز رہیں۔ ان کا کہنا تھا میں کہنا چاہتا ہوں کہ بیرونی ممالک جن کو شاید یہ عادت پڑچکی ہے یا شاید وہ جان بوجھ کر مداخلت کرنا چاہتے ہیں، وہ کسی بھی مداخلت سے باز رہیں۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان پر جنگ مسلط کی گئی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں قائم عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کی جانب اشارہ کرتے ہوےء کہاکہ اگر امریکہ دہشت گردی کا خاتمہ چاہتا ہے تو افغانستان میں فوجی تعینات کرنے کے بجائے دہشت گردوں کی آماجگاہیں ختم کریں۔ خیال رہے کہ حامد کرزئی افغان دستور کے مطابق وہ تیسری مدت کیلئے اس عہدے کے امیدوار نہیں ہوسکتے، اس لئے وہ اگلے ماہ عہدہ صدارت سے سبکدوش ہوجائیں گے۔ امریکہ کے ساتھ باہمی سکیورٹی معاہدے سے متعلق کرزئی کا موقف یہ ہے کہ وہ اس معاہدے پر دستخط نہیں کریں گے۔ تاہم ان کے بعد آنے والا افغان صدر چاہے تو اس معاہدے پر دستخط کردے۔

Karzai says Afghanistan doesn't need US troops

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں