آندھرا پردیش - لوک سبھا و اسمبلی کے دو مرحلوں میں انتخابات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-06

آندھرا پردیش - لوک سبھا و اسمبلی کے دو مرحلوں میں انتخابات

حیدرآباد۔
(آئی اے این ایس۔ پی ٹی آئی۔ منصف نیوز بیورو)
لوک سبھا اور اسمبلی کے انتخابات غیر منقسم آندھراپردیش میں منعقد ہوں گے۔ یاست کی تقسیم کے بعد منتخب نمائندے خود بخودمتعلقہ ریاست کے رکن بن جائیں گے۔ امکان ہے کہ علیحدہ تلنگانہ 2جون کو عالم وجود میں آئے گا۔ چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت نے آج واضح کیا کہ نئی ریاست تلنگانہ کی تشکیل سے بالاتر، لوک سبھا و اسمبلی کے انتخابات غیر منقسم آندھراپردیش میں منعقد ہوں گے جیسے آج اس ریاست کی شکل ہے۔ انتخابات کے بعد تقسیم کا عمل جب مکمل ہوجائے گا تو لوک سبھا اور اسمبلی کے حلقے متعلقہ ریاستوں میں چلے جائیں گے یا خود بخود وہ اپنی ریاست کے حلقے کہلائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ اگر ایک رکن اسمبلی تلنگانہ کا ہوگا تو خود کار طورپر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا رکن کہلائے گا۔ آندھراپردیش میں 2مرحلوں میں 30اپریل اور7مئی کو انتخابات منعقد ہوں گے۔ شیڈول اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ تلنگانہ کے حلقوں میں 30اپریل کو جب کہ سیما آندھرا میں 7مئی کو رائے دہی ہوگی۔ تلنگانہ میں 17پارلیمانی حلقے ہیں، جب کہ سیما آندھرا میں لوک سبھا کی 25نشستیں ہیں۔ تلنگانہ جو ملک کی 29ویں ریاست ہوگی، 2جون کو عالم وجود میں آئے گی اور اسی دن سے اس کا کام شروع ہوجائے گا۔ مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ میں بل کی منظوری کے بعد نئی ریاست کی تشکیل کے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی۔ مرکز نے آندھراپردیش میں صدر راج نافذ کررکھا ہے، کیونکہ کرن کمار ریڈی، ریاست کی تقسیم کے خلاف بطور احتجاج چیف منسٹر کے عہدہ سے مستعفی ہوگئے تھے غیر منقسم آندھراپردیش میں لوک سبھا اور اسمبلی کے انتخابات ایک ساتھ منعقد ہوں گے۔ ریاست کے زائد 6.24 کروڑ رائے دہندے انتخابات میں حصہ لیں گے اور اپنے حق ووٹ سے استفادہ کریں گے۔ تلنگانہ اور سیما آندھرا ریاستوں کا 2جون کو رسمی طورپر قیام عمل میں آئے گا، اس لئے الیکشن کمیشن نے غیر منقسم آندھراپردیش میں اسمبلی انتخابات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لوک سبھا کے 42اور اسمبلی کے 294 حلقوں کیلئے 30اپریل اور 7مئی کو 2مرحلوں میں انتخابات منعقد ہوں گے۔ پہلے مرحلے کے تحت تلنگانہ میں اور دوسرے مرحلہ کے تحت رائلسیما و ساحلی آندھرا میں رائے دہی ہوگی۔ تلنگانہ میں 17لوک سبھا حلقوں کے ساتھ اسمبلی کے 119 حلقے ہیں، جبکہ سیما آندھرا میں 25لوک سبھا حلقوں کے ساتھ اسمبلی کی 175نشستیں ہیں۔ ریاستی اسمبلی کی معیاد 2جون کو ختم ہورہی ہے۔ نمائندہ منصف کے بموجب علاقہ تلنگانہ میں پہلے مرحلہ کے انتخابات کے لئے 2اپریل کو اعلامیہ جاری ہوگا۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 19اپریل، تنقیح 21اپریل اور کاغذات سے دستبرداری کی آخری تاریخ 23اپریل ہوگی۔ ریاست میں 5مارچ 2014ء کو 6کروڑ 24لاکھ 61ہزار 612رائے دہندے ریکارڈ پر موجود ہیں۔ یہ رائے دہندے 2مرحلوں میں 69014 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹ ڈالیں گے۔

Lok Sabha elections: Andhra Pradesh votes on April 30 and May 7

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں