تلنگانہ مسئلہ پر ڈرامہ رچانے کانگریس پارٹی پر الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-04

تلنگانہ مسئلہ پر ڈرامہ رچانے کانگریس پارٹی پر الزام

حیدرآباد۔
(پی ٹی آئی)
سینئر بی جے پی قائد ایم وینکیا نائیڈو نے تلنگانہ مسئلہ پر سیاسی ڈرامہ رچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ ان کی پارٹی یقیناًتلنگانہ بل کی تائید کرے گی ‘ تاہم اس کیلئے ہم چند شرائط بھی عائد کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی پارلیمنٹ میں آندھراپردیش کی تنظیم جدید بل کی بنیادی اصولوں پر سمجھوتہ کئے بغیر تائید کرے گی اور ریاست کے تمام خطوں کو انصاف پر ہی اس کی تائید کی جائے گی۔ کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ کی جانب سے بل پر دئیے گئے بیان کی مذمت کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہاکہ آپ کبھی مشاورت نہیں کرتے‘ آپ صرف توہین کرنا جانتے ہیں۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا تھا کہ بی جے پی کی تائید مل جائے تو پارلیمنٹ میں بل بآسانی پاس ہوجائے گا۔ وینکیا نائیڈو نے آج دوپہر بی جے پی کی ریاستی عاملہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ کانگریس پارٹی کو علیحدہ ریاست کے مسئلہ پر بی جے پی سے کوئی سوال کرنے کا حق نہیں ہے۔ وزیراعظم نے تجویز پیش کی اور وزیراعلیٰ نے اسے مسترد کردیا۔ واہ کیا بات ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ کانگریس پارٹی ہی تھی جس نے گذشتہ 10برسوں سے تلنگانہ مسئلہ کولٹکائے رکھا تاکہ ووٹ جمع کئے جاسکیں۔ وہ ناپ تول کرتی ہے اور حساب کتاب کے ذریعہ فیصلہ لیتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صرف اور صرف ووٹوں کے حصول کیلئے تلنگانہ تشکیل دیا جارہا ہے ورنہ تو آندھراپردیش میں اس کا صفایا ہونے والا تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ایک سیاسی جماعت ایسی ہوتی ہے؟ بی جے پی کے سابق صدر نے مزید بتایاکہ علیحدہ ریاست کی تشکیل کیلئے تلنگانہ میں ایک ہزار نوجوانوں نے اپنی جان نچھاور کردی‘ جبکہ متحدہ ریاست کیلئے سیما آندھرا میں 350افراد نے خودکشی کرلی۔ وینکیا نائیڈو نے سوال کیاکہ ان اموات کیلئے آیا کانگریس ذمہ دار نہیں ہے؟ اور اب وہ سونیا گاندھی کیلئے مندریں تعمیر کررہے ہیں اور انہیں تلنگانہ تلی کا لقب دے کر ان کی ستائش کررہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ آیا ریاست میں یہ کس قسم کا تماشہ ہورہا ہے۔ ڈگ وجئے سنگھ کے ریمارک کا حوالہ دیتے ہوئے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے آندھراپردیش کے کانگریس قائدین کو ریاستی مقننہ میں تلنگانہ بل کو شکست دینے کی اجازت دی تھی‘ وینکیا نائیڈو نے کہاکہ اس سے زیادہ مضحکہ خیز ادعا نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے بی جے پی کے موقف کا اعادہ کیا اور بتایاکہ ان کی پارٹی ملک میں چھوٹی ریاستوں کی تشکیل کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ پر اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور 10اضلاع و حیدرآباد دارالحکومت کے ساتھ تشکیل تلنگانہ کی تائید کرے گی‘ تاہم مرکز کو چاہئے کہ وہ پہلے ریاست کے تمام خطوں میں پائی جانے والی تشویش کو دور کرے۔ ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ تمام خطوں کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہم بنیادی اصولوں سے سمجھوتہ کے بغیر پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی تائید کیلئے تیار ہیں۔ اجلاس سے پارٹی کے ریاستی صدر جی کشن ریڈی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں