تلنگانہ مسودہ بل کو وزراء گروپ کی منظوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-05

تلنگانہ مسودہ بل کو وزراء گروپ کی منظوری

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
آندھراپردیش اسمبلی میں تلنگانہ بل کے استرداد سے لاپرواہ مرکزی وزراء کے گروپ نے تلنگانہ مسودہ بل، مرکزی کابینہ کو پیش کرنے کیلئے ہری جھنڈی دکھادی۔ مرکزی کابینہ جمعرات کو ایک اجلاس منعقد کرکے قانون سازی کے سلسلہ میں ضروری پیشرفت کرے گی۔ اس طرح پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی پیشکشی کیلئے راہ ہموار ہوچکی ہے۔ وزراء کو گروپ کا ایک اجلاس یہاں منعقدہوا، جو 30منٹ تک جاری رہا۔ گروپ کے ایک رکن مرکزی وزیر صحت غلام نبی آزاد نے صحافیوں کو بتایاکہ وزراء گروپ نے تلنگانہ مسودہ بل کو منظوری دے دی ہے۔ یہ آئندہ اجلاس میں مرکزی کابینہ کے روبرو پیش کردیاجائے گا۔ یہ بل، بعدازاں پارلیمنٹ میں متعارف کرایاجائے گا تاکہ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کیلئے قانون سازی کی جاسکے۔ انتہائی معتبر ذرائع نے بتایاکہ وزراء گروپ نے مرکزی وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے کی قیادت میں چند فنی و ضروری تبدیلیوں کے بعد تلنگانہ مسودہ بل کی توثیق کردی۔ مرکزی کابینہ کے سامنے ایک جامع بل لایاجائے گا، جہاں مشاورت و تبادلہ خیال کے بعد مسودہ بل میں تبدیلیوں کی مزید توثیق کی جائے گی۔ مرکزی کابینہ کی منظوری کے بعد مسودہ بل صدرجمہوریہ کی توثیق کیلئے روانہ کیا جائے گا اور اس کے بعد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ امکان ہے کہ یہ ساری کارروائی آئندہ ہفتہ پوری ہوجائے گی۔ آندھراپردیش کی تنظیم جدید بل میں علاقہ سیما آندھرا کے نئے دارالحکومت کیلئے زائد فنڈس کے علاوہ ایک خصوصی معاشی پیکیج بھی شامل کیا گیا ہے۔ وزراء گروپ کا یہ اقدام، آندھراپردیش اسمبلی میں ندائی ووٹ سے تلنگانہ بل مسترد کئے جانے کے چند دنوں بعدسامنے آیا۔ اس طرح کانگریس پارٹی کو جو خفت کا سامنا تھا، وہ مسدود ہوچکا ہے۔ ماہرین کی رائے ہے کہ مسودہ بل کے سلسلہ میں اسمبلی خواہ کچھ بھی کرلے، پارلیمنٹ نئی ریاست کی تشکیل کیلئے قانون سازی کی طرف پیشرفت کرسکتاہے۔ پارلیمنٹ کا اجلاس کل سے شروع ہورہا ہے جو 21فروری تک جاری رہے گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں