سچن اور سی این آر راؤ کو بھارت رتن ایوارڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-05

سچن اور سی این آر راؤ کو بھارت رتن ایوارڈ

نئی دہلی۔
(آئی اے این ایس)
ملک کے ممتاز کرکٹر ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر اور ممتاز سائنسداں سی این آر راؤ کو آج صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے راشٹرا پتی بھون میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں ملک کا اعلیٰ ترین سیویلیں ایوارڈ بھارت رتن عطا کئے۔ اسطرح دونوں شخصیتوں کے نام اُن 41 ممتاز شخصیتوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں جنہیں سماج کے تئیں ان کی خدمات کے اعتراف میں بھارت رتن ایوارڈس عطا کئے گئے ہیں۔ 40 سالہ تنڈولکر کو سال گذشتہ راجیہ سبھا کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔ وہ بھارت رتن ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی اور سب سے کم عمر شخصیت ہیں۔ سی این آر راؤ وہ چوتھے سائنسداں ہیں جنہیں بھارت رتن ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا ہے۔ قبل ازیں یہ ایوارڈس سی وی رامن، ایم وشویشوریا اور سابق صدرجمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کو دیا گیا تھا۔ تنڈولکر، دنیا کے انتہائی ماہر کرکٹر ہیں۔ انہوں نے کئی ریکارڈس قائم کئے ہیں۔ 200 ٹسٹ میاچوں میں انہوں نے 15921 رن بنانے کا اور اوسطاً 53.58 رن بنانے کا و نیز 51 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے 463ونڈے انٹرنیشنلس میں 18426 رن بشمول 49 سنچریاں بنائے جن کا اوسط 44.83 ہوتاہے۔ 50اوور کے میاچ میں ڈبل سنچری بنانے والے وہ پہلے کرکٹرہیں۔ انہوں نے 2012ء میں ونڈے کرکٹ اور سال گذشتہ ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی اختیار کرلی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں