شمال مشرق کے طلبہ پر حملے ناقابل برداشت - سشیل کمار شنڈے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-05

شمال مشرق کے طلبہ پر حملے ناقابل برداشت - سشیل کمار شنڈے

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے آج اروناچل پردیش کے 19سالہ طالب علم کی موت کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کرنے اور تیزی سے تحقیقات کو یقینی بنانے کا تیقن دیا۔ مملکتی وزیر برائے اقلیتی امور نینانگ ایرنگ نے کہاکہ وزیر داخلہ نے اس وقت یہ تیقن دیا جب انہوں نے شمال مشرق کے طلباء کے ایک وفد کے ساتھ ان سے ملاقات کی۔ اس وفد نے تیزی سے تحقیقات اور نیڈوتانیہ کے خاندان کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ نیڈو یہاں ایک خانگی یونیورسٹی میں بی اے سال اول کا طالب علم تھا۔ لاجپت نگر میں چند افرا دکے گروپ کی جانب سے مبینہ حملہ کے بعد وہ فوت ہوگیا۔ ایرنگ نے شنڈے کے ساتھ 20منٹ طویل ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کو بتایاکہ وزیر داخلہ نے کہاکہ خاطیوں کو سزا دی جائے گی۔ انہوں نے ہمیں تیقن دیا کہ نیڈو تانیہ کے کیس کی تیزی سے تحقیقات کی جائیں گی۔ ذرائع نے بتایاکہ وزارت داخلہ نے اس کیس کی مجسٹریٹ کے ذریعہ تحقیقات کرانے سے اتفاق کرلیاہے۔ وزارت، شمال مشرق کے طلباء کو نشانہ بنانے کی شکایات کا جائزہ لینے ایک انتظامی کمیٹی بھی تشکیل دے گی۔ مرکزی مملکتی وزیر اقلیتی امور نے کہاکہ وفد نے تانیہ کی موت کی سی بی آئی تحقیقات اور دہلی پولیس ان کے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جو مناسب کارروائی کرنے اور انسداد نسل پرستی قانون پر عمل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ایسے کیسس کا جائزہ لینے اور انصاف کو یقینی بنانے ایک انتظامی کمیٹی قائم کرنے کی بھی درخواست کی۔ ایرنگ اور شمال مشرق سے تعلق رکھنے والے طلباء کے ایک گروپ نے کل کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی تھی اور تانیہ کی موت کی تحقیقات میں تیزی لانے کا مطالبہ کیا تھا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں