وظائف اجرتوں اور دیگر واجبات کو استفادہ کنندگان تک راست پہنچانے کی اسکیم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-05

وظائف اجرتوں اور دیگر واجبات کو استفادہ کنندگان تک راست پہنچانے کی اسکیم

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
مرکزی حکومت، فوائد کی راست منتقلی کے پراجکٹ کے بعد اب ایک نئی "ڈائرکٹ۔ ٹو۔ ہوم"(ڈی ٹی ایچ) اسکیم پر عمل کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے تاکہ نقائص کو دور کیا جائے اور وظائف، کام کی اجرتوں اور دیگر واجبات (فوائد) کو سارے ملک میں استفادہ کنندگان کو راست طورپر منتقل کیا جائے۔ مرکزی وزیر دیہی ترقی جئے رام رمیش نے بتایا کہ یہ اسکیم آندھراپردیش میں شروع کی گئی ہے۔ ایسے پروگرام کو روبہ عمل لانے کی ضرورت محسوس کی گئی کیونکہ حکومت، یہ دیکھ رہی تھی کہ بہبودی اسکیمات کے فنڈس کو "لیکیج" ہورہا ہے اور فنڈس جائز استفادہ کنندگان تک نہیں پہنچ پارہے ہیں۔ "آج ہمارے ڈیلیوری سسٹم میں ’لیکیج زیادہ اور کوریج کم ہے،۔ وہ غذائی سلامتی ہو یا صحت کا مسئلہ ہو، خواہ وظائف ہوں یا قومی دیہی ضمانت روزگاراسکیم آپ کوئی بھی پروگرام لے لیجئے ہمارے پاس کافی رقم ہے لیکن دیکھنا یہ ہے کہ واقعتاً کتنی رقم، استفادہ کنندگان تک پہنچ پارہی ہے۔ یہ ایک بڑا سوال ہے اور یہ سوال دولت کا نہیں بلکہ یہ سول ڈیلیوری سسٹم کو بدلنے کا ہے اور ہم نے گذشتہ ایک سال میں جو کام شروع کیا ہے وہ ویلفیر ڈیلیوری سسٹم کی بنیادی اصلاح ہے۔ اس سسٹم میں بنکس اور ڈاک خانے بھی شامل ہیں۔ مجھے یہ کہتے ہوئے بڑی خوشی محسوس ہورہی ہے کہ آندھراپردیش اور جھارکھنڈ میں ڈاک خانوں کی مدد سے ہم، وظائف، بچوں کی پیدائش پر فوائد، اسکالرشپس اور اجرتیں، متعلقہ خاندان کی دہلیز تک پہنچانے کے موقف یمں آرہے ہیں"۔ جئے رام رمیش نے ان خیالات کا اظہار یہاں نیم فوجی فورس سی آر پی ایف کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ڈی ٹی ایچ آندھراپردیش میں پہلے ہی کارکرد ار بہت جلد جھارکھنڈ و نیز دیگر ریاستوں میں بھی اس پر عمل شروع ہوگا۔ تقریباً 2سال میں تمام اجرتیں، تمام وظائف، تمام میٹرنٹی فوائد تمام سبسیڈی اسکیمات کے فوائد جو عوام کیلئے مختص ہیں، عملاً بنک اکاونٹ یا پوسٹ آفس کو نہیں بلکہ الکٹرانک طریقہ سے متعلقہ خاندانوں کو راست پہنچائیں جائیں گے"۔ انہوں نے کہاکہ یہ واقعتاً ڈی ٹی ایچ ہے ہے جس پر عمل، مائیکرو۔ اے ٹی ایمس، عصری ٹکنالوجی، موبائل ارتباط کے ذریعہ ہوگا۔ ہم، بہبود ڈیلیوری سسٹم کو مثبت انداز میں تبدیل کرنے کے موقف میں ہوں گے۔

DTH scheme to give money directly to beneficiaries: Ramesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں