نتیش کمار سے مستعفی مسلم وزیر پروین امان اﷲ کی ملاقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-06

نتیش کمار سے مستعفی مسلم وزیر پروین امان اﷲ کی ملاقات

پٹنہ۔
(پی ٹی آئی)
بہار کی وزیر سماجی بہبود پروین امان اﷲ نے اپنا استعفیٰ پیش کرنے کے دوسرے ہی دن آج چیف منسٹر نتیش کمار سے ملاقات کی لیکن اپنا استعفیٰ واپس لینے سے انکار کردیا۔ ملاقات کے بعد کمار کی قیامگاہ کے باہر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ’’میں نے چیف منسٹر سے کہہ دیا ہے کہ میں اپنے فیصلہ پر قائم ہوں اوراپنا استعفیٰ واپس نہیں لوں گی‘‘۔ اس سوال پر کہ آیا چیف منسٹر نے ان پر‘ اپنے فیصلہ پرنظر ثانی کیلئے زوریا ہے‘ امان اﷲ نے جواب دیا کہ ’’انہوں نے (چیف منسٹر نے) کہاکہ انہیں افسوس ہے۔ انہوں نے مجھ سے غور مکرر کرنے کی خواہش کی لیکن میں نے ان سے کہہ دیا کہ میں اپنے فیصلہ پر (سختی سے ) قائم ہوں‘‘۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا چیف منسٹر نے ان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی ‘ مستعفی وزیر نے کہاکہ واقعہ یہ ہے کہ خود انہوں نے (پروین امان اﷲ نے ) چیف منسٹر کو خداحافظ کہنے کیلئے وقت مانگا تھا۔ چیف منسٹر‘ بدھ گیا گئے ہوئے تھے۔ وہ دوپہر سے قبل واپس ہوئے جس کے بعد ان سے نصف گھنٹہ ملاقات ہوئی۔ اپنے استعفی کی وجوہات کے بارے میں مسلسل سوالات پر پروین نے مبہم جواب دیا اور صرف اتنا کہاکہ وہ سسٹم کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے‘‘۔ انہیں چیف منسٹر یا کسی اور سے کوئی رنجیش نہیں ہے‘‘۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) میں پروین امان اﷲ کی شمولیت کے بارے میں زوردار قیاس آرائیاں جاری ہیں لیکن پروین نے کوئی واضح جواب نہیں دیا اور کہاکہ ’’میں متبادلات پر غور کررہی ہوں اور میں نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیاہے‘‘۔ ان کے قریبی ذرائع نے بتایاکہ پروین امان اﷲ نے حال ہی میں چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال سے ملاقات کی تھی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں