مرکز میں اگلی حکومت وفاقی محاذ کی ہوگی - ترنمول - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-04

مرکز میں اگلی حکومت وفاقی محاذ کی ہوگی - ترنمول

بھونیشور۔
(یو این آئی)
ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر ریلوے مکل رائے نے آج دعوی کیاکہ 2014ء کے عام انتخابات کے بعد ملک پر وفاقی محاذ حکومت کرے گا۔ رائے یہاں ایک پارٹی اجلاس میں شرکت کیلئے آئے ہوئے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آنے والے انتخابات میں کانگریس یا بی جے پی سے کسی کو بھی اکثریت نہیں ملے گی۔ جنوبی اور مشرقی علاقہ میں لوک سبھا کے جملہ 300 حلقے ہیں جن میں سے بی جے پی کو صرف 40نشستیں ملیں گی۔ اسی طرح جنوبی ہندوستان کا تجزیہ پیش کرتے ہوئے مکل رائے نے کہاکہ آندھراپردیش، تاملناڈو، کیرال اور کرناٹک میں 170 لوک سبھا حلقے ہیں جن میں سے بی جے پی کو بمشکل 10 حلقوں میں کامیابی ملے گی۔ اسی طرح آسام، اڈیشہ، مغربی بنگال، بہار اور شمالی مشرقی ریاستوں میں 130 لوک سبھا حلقوں کے منجملہ زعفرانی پارٹی کو بمشکل 30 حلقوں پر کامیابی مل سکتی ہے۔ ترنمول کانگریس لیڈر نے کہاکہ کانگریس ایک قومی جماعت ہونے کا دعویٰ رکھتی ہے لیکن صرف کرناٹک، آندھراپردیش اور منی پور میں اقتدا پر ہے۔ انہوں نے کہاکہ عام انتخابات کے بعد حکومت سازی میں غیر کانگریسی اور غیر بی جے پی جماعتیں اہم رول ادا کریں گی۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ مغربی بنگال میں 42 کے منجملہ 32 سیٹوں پر ترنمول کانگریس کامیاب ہوگی اور ملک میں تیسری بڑی پارٹی کی حیثیت سے ابھرے گی اور مرکز میں حکومت تشکیل دینے میں بادشاہ گر کا رول ادا کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ اڈیشہ میں ان کی پارٹی لوک سبھا اور اسمبلی دونوں انتحابات میں مقابلہ کرے گی لیکن ابھی یہ طئے نہیں کیا گیا ہے کہ اڈیشہ میں کتنے حلقوں سے امیدوار کھڑے کئے جائیں ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے رائے نے کہاکہ ریاست میں کسی پارٹی سے اتحاد کے بارے میں ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں