بس میں سفر کرنے والی خواتین کے تحفظ کو ترجیح - راہول - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-27

بس میں سفر کرنے والی خواتین کے تحفظ کو ترجیح - راہول

کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے کہاکہ وہ ہندوستان کو سوپر پاور بنانے کے بجائے بس میں سفر کرنے والی خوایتن کے تحفظ کو یقینی بنانے کو مقدم تصور کرتے ہیں۔انہوں نے ڈان باسکو یونیورسٹی میں طلباء سے بات چیت کے دوران کہاکہ ہندوستان کو سوپر پاور بنانے کے بارے میں بڑے بڑے بیانات دئیے جارہے ہیں۔ سوپر پاور کیا ہے؟ میں ملک کو سوپر پاور بنانے کے بجائے بس میں سفر کرنے والی خواتین کے تحفظ کو ترجیح دوں گا۔ انہوں نے طالبات سے سوال کیا کہ کیا بس میں سفر کے دوران آپ خود کو محفوظ تصور کرتی ہیں؟ کیا سڑکوں پر چلنے کے دوران آپ کے ساتھ اچھا سلوک کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ سب بکواس ہے۔ اگر کاکولی(ایک طالبہ جس نے خواتین کے احترام کے بارے میں سوال کیا تھا) بس میں سفر کرنے سے ڈرتی ہے تو پھر یہ ملک کسی بھی طرح سوپر پاور نہیں بن سکتا۔ اگر اس ملک کی نوجوان لڑکی بس میں سفر کرنے میں خود کو غیر محفوظ تصور کرتی ہے تو ہم کس طرح اپنے آپ کو سوپر پاور کہہ سکتے ہیں۔ ملک میں مختلف محاذوں اور سطح پر خواتین کے عدم احترام اور توہین پر نمایاں برہمی ظاہر کرتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر و رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے آج کہاکہ ہندوستان اپنی نصف آبادی کے تحفظ اور احترام کو یقینی بنائے بغیر اپنے آپ کو ترقی یافتہ ملک کہنے کی امید نہیں کرسکتا۔ انہوں نے اپنے خاندان کی طاقتور خواتین بالخصوص اپنی دادی اور سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کا بھی حوالہ دیا۔ گوہاٹی کے مضافاتی علاقہ میں ڈان باسکو یونیورسٹی کے طلبہ کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے راہول گاندھی نے مردوں اور نوجوانوں پر زوردیا کہ وہ خواتین کا احترام کرنا سیکھیں جو اس ملک کی آبادی کا نصف حصہ ہیں۔ خواتین کے ساتھ دست درازی اور عصمت ریزی کے بڑھتے واقعات سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے لڑکیوں سے بات چیت کے دوران سوال کیا کہ آیا وہ رات کے اوقات میں بسوں میں سفر کرنے یا پھر سڑکوں پر چلنے میں خود کو غیر محفوظ تصور کرتی ہیں۔ جب لڑکیوں نے ہاں میں جواب دیا تو راہول گاندھی نے عوام بالخصوص مردوں پر تنقید کی اور کہاکہ انہوں نے اس ملک کی آدھی آبادی کو غیر محفوظ بنادیا ہے۔ انہوں نے ہجوم میں موجود لڑکوں پر بھی انگلی اٹھائی اور کہاکہ شاید انہوں نے بھی کبھی نہ کبھی دانستہ یا نا دانستہ طورپر لڑکیوں اور خواتین کی توہین کی ہوگی۔

What superpower? I will rather make a woman safe in a bus - Rahul

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں