سہارا گروپ کے چیف سبرتا رائے کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-27

سہارا گروپ کے چیف سبرتا رائے کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ

سپریم کورٹ نے آج سہارا گروپ کے چیف سبرتا رائے کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیا کیونکہ وہ، عدالت میں شخصی طورپر حاضر ہونے میں ناکام رہے تھے۔ عدالت نے انہیں گذشتہ سماعت کے موقع پر ہدایت دی تھی کہ وہ حاضر عدالت ہوں۔ سبرتا رائے کو عدالت کے حکم کی تعمیل کیلئے آئندہ 4مارچ تک کی مہلت بھی دی گئی ہے۔ جسٹس کے ایس رادھا کرشنن، جسٹس جے اے کھیہر پر مشتمل بنچ نے، کل پیش کردہ ایک درخواست کا نوٹ لیتے ہوئے کہاکہ یہ بات گذشتہ چہارشنبہ کو کہی گئی تھی لیکن قبول نہیں کی جائے گی۔ (سبرتا رائے کے خلاف کیس کا تعلق، سرمایہ کاروں کو رقم کی عدم واپسی سے متعلق ہے)۔ کل پیش کردہ درخواست میں التجا کی گئی تھی کہ سبرتا رائے کو شخصی حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ کل پیش کردہ درخواست سے متعلق اظہار خیال کے بعد عدالت نے سبرتا رائے کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیا اور انہیں آئندہ 4مارچ کو حاضر عدالت ہونے کی ہدایت دی۔ آج جب عدالت کا اجلاس شروع ہوا تو عدالت نے دریافت کیا کہ آیا سبرتا رائے اور سہاراکمپنیوں کے دیگر 3 ڈائرکٹرس حاضر عدالت ہیں؟ سپریم کورٹ نے گذشتہ 20فروری کو سبرتا رائے اور سہارا انڈیا رئیل اسٹیٹ کارپوریشن لمیٹیڈ اور سہارا ہاوزنگ انوسٹمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ کے 3ڈائرکٹرس اشوک رائے چودھری، روی شنکر دوبے اور وندنا بھارگو کو ہدایت دی تھی کہ وہ آج حاضر عدالت ہوں۔ آج عدالت کو بتایا کہ تینوں ڈائرکٹرس حاضر ہیں لیکن سبرتا رائے نہیں آسکے کیونکہ انہیں اپنی علیل والدہ کی مزاج پرسی کیلئے فوری طورپر لکھنو جانا پڑا۔ جسٹس کے ایس رادھا کرشنن نے جو ناراض نظر آرہے تھے، کہاکہ "اس عدالت کے ہاتھ بہت لمبے ہیں"۔ ہم وارنٹس جاری کریں گے۔ یہ ، ملک کی سپریم کورٹ ہے۔ جب دیگر ڈائرکٹرس یہاں موجود ہیں تو وہ (سبرتا رائے) یہاں کیوں نہیں موجود رہ سکتے؟" یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ سبرتا رائے اور دیگر ڈائرکٹرس، سرمایہ کاروں سے جمع کردہ رقم کی واپسی کی ضمانت کے طورپر 19ہزار کروڑ روپئے مالیت کی سکیوریٹیز، سکیوریٹیز ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) میں جمع کرانے میں ناکام رہے تھے جس پر عدالت نے انہیں حاضر عدالت ہونے کی ہدایت دی تھی۔ سہارا کمپنیوں نے دسمبر 2012ء میں سیبی کے پاس 5120 کروڑ روپئے جمع کرائے تھے۔

Supreme Court issues non-bailable warrant against Sahara chief Subrata Roy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں