کانگریس پر کجریوال کا دوھرا وار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-07

کانگریس پر کجریوال کا دوھرا وار

نئی دہلی
(ایس این بی )
عام آدمی کی اروند کجریوال سرکار نے آج سال 1984سکھ قتل عام کا کارڈ کھیلتے ہوئے فسادات کی جانچ کیلئے خصوصی کمیٹی (ایس آئی ٹی ) کی تشکیل کرنے کی سفارش لیفٹیننٹ گورنر سے کی ہے ۔ کابینہ کی آج ہوئی میٹنگ میں ایس آئی ٹی کی تشکیل سے متعلق سفارش کی تجویز کو منظوری دی گئی ۔ مجوزہ ایس آئی ٹی ایک سال میں اپنی رپورٹ دے گی اور فسادات سے متعلق جن ایف آئی آر کو بند دیا گیا ہے انہیں بھی کھول کر ایک سال میں اپنی رپورٹ دے گی ساتھ ہی دیگر سبھی ایف آئی آر کی بھی دوبارہ جانچ کرے گی ۔ وزیر اعلی اروند کجریوال کی صدرات میں آج ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں سال 84فسادات میں ہوئے قتل عام کا کارڈ کھیلتے ہوئے فسادات کی جانچ کیلئے خصوصی جانچ کمیٹی کی تجویز کو منظوری دی گئی ۔ سرکار نے اس تجویز کو منظور کر کے ایل جی سے ایس آئی ٹی کی تشکیل کی سفارش کی ۔ وزیر تعلیم منیش سسودیا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خصوصی جانچ کمیٹی کی سفارش لیفٹیننٹ گورنر سے کرنے کی جانکاری دی ۔ انہوں نے بتایا کہ سرکار نے تجویز میں ایس آئی ٹی کی مدت کار اور جانچ کے دائرہ کو بھی بتایا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایس آئی ٹی نئی ایف آئی آر درج کرنے کے ساتھ پہلے سے جن کیسوں میں معاملہ درج نہیں کیا گیا تھا ۔ان کی ایف آئی آر درج کرے گی اور اپنی مدت کار ایک سال میں پوری کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ آہوجہ کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق 1984کے فسادات میں 2733لوگوں کی موت ہوئی ، 587ایف آئی آر درج کی گئی جن میں 241کیسوں کو پولیس کے ذریعہ ثبوت نہ ملنے پر بند کردیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ فسادات سے متعلق کسی بھی معاملہ میں شاید کسی کو سزا ہوئی ہو۔ اس سے سکھ کمیونٹی میں یہ غلط پیغام گیا کہ بڑی تعدادمیں مارے گئے بے قصور لوگوں کے قتل میں ملوث ملزم بغیر کسی سزا کے باہر گھوم رہے ہیں۔ سسودیا نے بتایا کہ فسادات کے لیے کل 587ایف آئی آر درج کی گئی تھیں جن میں سے 241کیس پولیس کے ذریعہ ثبوت نہ ملنے پر بند کردیے ۔ 2005میں تشکیل نانا وتی کمیشن کی سفارش کے بند کیے گئے کیسوں میں سے چار کیسوں کو دوبارہ کھولا گیا اور 2006-09میں ان کی دوبارہ جانچ کی گئی ۔

FIRدرج- شیلا کانام نہیں
نئی دہلی
(ایس این بی )
کامن ویلتھ گمیز سے متعلق اسٹریٹ لائٹ پروجیکٹ میں اسٹریٹ لائٹ کے ٹھیکہ میں نا اہل کمپنی کو دینے اور کمپنی کو فائدہ پہنچا کر 31.07کروڑ کا نقصان سرکار کو پہنچانے کے معاملے میں اینٹی کرپشن بیورو نے ایف آئی آر درج کی ہے ۔ دہلی سرکار نے مذکورہ گھپلہ سے متعلق فائلوں کو کھنگالنے کے بعد سابق وزیر اعلی شیلا دیکشت کو مذکورہ گھپلہ کا ملزم پاتے ہوئے اینٹی کرپشن بیورو نے رپورٹ درج کرنے کا حکم دیا تھا ۔ اینٹی کرپشن بیورو نے سرکار کے حکم پر رپورٹ تو درج کرلی ہے لیکن بیورو نے رپورٹ میں سابق وزیر اعلی شیلا دیکشت کو نامزد نہیں کیا ہے ۔ بدعنوانی کے معاملے میں اعلی سطح پر ذمہ داری طے کرنے کیلئے اروند کجریوال سرکار کے ذریعہ پچھلے کئی دن سے کامن ویلتھ گیمز پروجیکٹوں ،سی اے جی رپورٹ شنگلو کمیٹی رپورٹ اور دیگر ڈپولپمنٹ کے پروجیکٹوں سے متعلق فائلوں کو کھنگالاجارہا تھا ۔ اس چھان بین کے دوران وزیر اعلی اروند کجریوال کو پتہ چلا کہ کامن ویلتھ گیمز سے قبل راجدھانی کی اسٹریٹ لائٹ کو جدید ترین بنائے جانے کے پروجیکٹ میں شنگلو کمیٹی اور آڈٹ رپورٹ میں بھی سوال اٹھائے گئے ہیں ۔ چھان بین کے دوران پتہ چلا کہ اس معاملے میں نااہل کمپنی کو من مانے ڈھنگ سے ٹھیکہ دینے کے ساتھ معیار کے مطابق کام نہ کرنے کی وجہ سے سرکار کو 31.07کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے ۔ مذکورہ حقائق سامنے آنے کے بعد وزیر اعلی اروند کجریوال نے چیف سکریٹری کو اس معاملے میں سابق وزیر اعلی کے خلاف رپورٹ درج کرانے کا حکم دیا تھا ۔ وزیر اعلی کے حکم کے بعد چیف سکریٹری ایس کے شری داستو نے بدھ کی شام اینٹی کرپشن بیورو کو خط لکھ کر اس معاملے میں رپورٹ درج کرانے کا حکم دیا تھا ۔ دہلی سرکار کا یہ خط ملنے کے بعد اینٹی کرپشن بیورو نے آج اس معاملے میں رپورٹ تو درج کرلی ہے لیکن رپورٹ میں کسی کو نامزد نہیں کیا گیا ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں