عشرت کیس‘ چارج شیٹ میں امیت شاہ کا نام نہیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-07

عشرت کیس‘ چارج شیٹ میں امیت شاہ کا نام نہیں

احمد آباد۔
(یو این آئی)
عشرت جہاں فرضی انکاونٹر کیس(2004) کے سلسلہ میں آج سی بی آئی نے یہاں خصوصی عدالت سی بی آئی میں ضمیمہ چارج شیٹ داخل کردیا جس میں چیف منسٹر گجرات و بی جے پی کے امیدوار وزارت عظمی نریندر مودی کے قریبی و بااعتماد رفیق (سابق وزیر داخلہ گجرات)امیت شاہ کا نام نہیں ہے۔ اس طرح نریندر مودی کو بڑی راحت ملی ہے۔ دیڑھ ہزار صفحات پر مشتمل ضمیمہ چارج شیٹ آج سہ پہر خصوصی عدالت سی بی آئی کے جج ایچ ایس کھٹوڈا کے اجلاس پر پیش کیاگیا۔ اس چارج شیٹ میں انٹلی جنس بیورو( آئی بی) کے 4سینئر عہدیداروں راجندر کمار(اُس وقت کے اسپیشل ڈائرکٹر)‘ راجیو وانکھیڈے‘ ترون متل اور ایم کے سنہا کے نام شامل ہیں۔ سی بی آئی نے راجندر کمار کے خلاف قانون تعزیرات ہند کی دفعہ 302 کے تحت الزامات درج کئے ہیں۔ اس تحقیقاتی ایجنسی کو امیت شاہ کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا۔ سی بی آئی نے سابق پولیس عہدیدار جے جی پرمار کے خلاف جھوٹی شہادت گھڑنے کے الزام کا اضافہ بھی کیا ہے۔ قانون اسلحہ کے تحت آئی بی کے بعض جونیر عہدیداروں کے خلاف بھی الزامات درج کئے گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ پولیس کو غیر قانونی طورپر اسلحہ فراہم کئے گئے تھے۔ ضمیمہ چارج شیٹ‘ جی کلائے منی کی زیر صدارت سینئر سی بی آئی عہدیداروں نے داخل کیا۔ اس سلسلہ میں وکیل صفائی اعجاز خان نے نمائندگی کی۔ چارج شیٹ پر عدالت میں مزید سماعت کل (7فروری کو) مقرر کی گئی ہے۔ سی بی آئی‘ اُس انکاونٹر کیس کی تحقیقات کررہی ہے جس میں ممبئی کی ایک کالج طالبہ عشرت جہاں اور دیگر 3افراد کو گجرات پولیس نے 15جون 2004ء کو احمد آباد کے مضامات میں گولی مارکر ہلاک کردیا تھا۔ سی بی آئی نے پہلا چارج شیٹ 8 پولیس عہدیداروں کے خلاف‘ سال گذشتہ 3جولائی کو داخل کیا تھا۔ اُس وقت بھی سی بی آئی چارج شیٹ میں نریندر مودی اور امیت شاہ کے نام نہیں تھے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں