برطانیہ میں خطرناک آندھی اور سیلاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-14

برطانیہ میں خطرناک آندھی اور سیلاب

لندن
(یو این آئی )
برطانیہ میں آندھی اور سیلاب کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا اور ہزار ہا افراد برقی سے محروم ہیں جبکہ پہلے سے ہی سیلاب زدہ علاقوں میں صور تحال آج مزید ابتر ہوگئی ۔ ملک میں حالیہ تاریخ کے سب سے خطر ناک طوفان کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے ہیں ۔ ملک کے بعض علاقے 100میل فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی ہواوں کی لپیٹ میں ہیں ۔ سیلاب کی وجہ سے گذشتہ 60برسوں میں سب سے اونچی سطح پر بہہ رہی دریائے ٹیمز نے لوگوں کی زندگی دشوار کردی ہے ۔ ڈیڑھ لاکھ سے زائد مکانات میں برقی سربراہی مسدود ہوگئی اور مواصلات کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے ۔ برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے کہا کہ یہ ایسی قدرتی آفت ہے جس کی مثال نہیں ملتی ۔اس سے قبل محکمہ موسمیات نے موسم سرما کی پہلی انتہائی درجے کی وارننگ جاری کی تھی جس کا مطلب ہے کہ اس سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہے اور بڑے پیمانہ پر تباہی کے امکانات ہیں ۔ بر کشائر ،سرے اور سمرسیٹ کے علاقوں کیلئے سیلاب کی 16وارننگز جاری کی گئی ہیں ۔ ڈیفنس اسٹاف کے نائب سربراہ میجرجنرل پیٹرک سینڈرزفوج کی جانب سے امدادی کارروائیوں پر غور کر رہے ہیں ۔ اسی دوران وزیر اعظم ڈیوڈکیمرون نے اپنے اس وعدے کو دہرایا کہ امدادی کاروائیوں کیلئے پیسہ رکاوٹ نہیں بنے گا ۔ انہوں نے سیلاب سے متاثر ہونے والے کاروبار اور گھروں کے مالکین کیلئے ایک منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ کاروباروں کو بزنس ریٹ سے صدفیصد استثنی دیا جائے گا ۔ جمہوریہ آئرلینڈ میں ڈھائی لاکھ مکانات برقی سے محروم ہیں اور کورک ،کیری کی کاؤنٹیاں سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں ۔ اس کے علاوہ جنوب مغربی برطانیہ میں 8100مکانات برقی سے محروم ہیں جبکہ مغربی مدلینڈز کے علاقوں میں ایک لاکھ گھروں میں برقی نہیں ہے ۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو اپنے سفری منصوبوں میں تبدیلی کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔
UK floods: River levels rise as rain and wind sweep in

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں