امریکہ شدید برفانی طوفان کی زد میں - 13 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-14

امریکہ شدید برفانی طوفان کی زد میں - 13 افراد ہلاک

اٹلانٹا
(یو این آئی /رائٹر)
امریکہ کے جنوبی اور مشرقی ساحل پر برفانی طوفان اور زبردست برفباری کی وجہ سے کم سے کم 13افراد کی موت واقع ہوگئی اور کئی دیگر زخمی ہوگئے ۔ ٹکساس میں محکمہ عوامی سلامتی نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ تیز طوفان کی وجہ سے سڑکوں پر درخت گر گئے اور کئی مکانات ٹوٹ گئے جس سے آمدورفت ٹھپ ہوگئی ہے اور لاکھوں کو گھروں تک محدود رہنے کیلئے مجبور ہونا پڑا ہے ۔ محکمہ کے ایک آفیسر نے بتایا کہ جنوبی اور شمالی کیرولینا میں زبردست برفباری ہوئی جس کی وجہ سے سڑکوں پر چلنا مشکل ہوگیا ہے ۔ سڑکوں پر گاڑیاں جگہ جگہ پھنس گئی ہیں اور لوگوں کو گھروں تک پہونچنے میں کافی مشکل پیش آرہی ہے ۔ سڑک پر 8انچ تک برف جمی ہوئی ہے ۔ انتظامیہ نے عوام کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انتہائی ناگزیر حالت میں ہی باہر نکلیں ۔ امریکہ کے شمال مشرقی علاقوں میں ہولناک سرمائی طوفان سے سفر کرنا مشکل ہوگیا ہے ۔ 3لاکھ سے زائد مکانات وکاروباری اداروں میں برقی گل ہے اور درختوں پر بھی برف جم گئی ہے ۔ مشرقی ساحل پر طوفان کی وارننگ دی گئی ہے ۔ آئندہ 2دن کے دوران شمال امریکہ میں طوفان کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور شدید بر فباری کا امکان ہے ۔ خراب موسم کے باعث ہزار ہا پروازیں منسوخ کردی گئیں اور سینکڑوں تاخیر کا شکار ہیں ۔ جنوب مشرقی ریاستوں میں برفانی طوفان سے زمینی اور فضائی راستے بند اور 3ہزار کے قریب پروازیں منسوخ کردی گئیں ہیں ۔ جنوبی کیرولینا اور جارجیا میں بیس کوریڈور شدید متاثر ہوئے ہیں اور سینکڑوں ٹریفک حادثات پیش آئے ہیں ۔ متعدد جنوبی ریاستوں میں ایمر جنسی کے اعلان کے بعد تعلیمی ادارے ، کاروبار اور دفاتر بند کردیئے گئے ۔
Deadly snow and ice storms hits US

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں