لوک سبھا انتخابات - مصارف کی حد میں اضافہ پر زور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-05

لوک سبھا انتخابات - مصارف کی حد میں اضافہ پر زور

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
بیشتر سیاسی جماعتوں نے آج یہ دلیل دیتے ہوئے کہ زبردست مہنگائی کی وجہہ سے مصارف کی موجودہ حد 16تا40لاکھ کافی نہیں ہے، آج لوک سبھا انتخابات کیلئے مصارف کی حد میں اضافہ کرنے کی وکالت کی۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کی رائے سے واقفیت حاصل کرنے آج ایک اجلاس طلب کیا تھا۔ اس اجلاس میں کئی سیاسی جماعتوں نے مثالی ضابطہ اخلاق کے تحت انتخابی منشور جاری کرنے کی بھی مخالفت کی۔ بی جے پی لیڈر مختار عباس نقوی نے میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایاکہ بی جے پی اس بات کی وکالت کرتی ہے کہ گذشتہ برسوں کے دوران مہنگائی میں جو اضافہ ہوا ہے اسے بھی پیش نظر رکھا جائے۔ سی پی ایم، جنتادل یو اور دیگر علاقائی جماعتوں نے بھی مصارف کی حدمیں اضافہ کرنے کی وکالت کی۔ جنتادل یو کے جاوید رضا نے کہاکہ آپ اس معاملہ پر اس طرح غور کریں۔ ایک لوک سبھا حلقہ میں اوسطاً 5اسمبلی حلقے ہوتے ہیں اور اسمبلی انتخابات کے مصارف کی حد 16لاکھ روپئے ہے لہذا اس میں اضافہ کیا جانا چاہئے۔ سی پی ایم نے بھی مناسب اضافہ کی تائید کی۔ بہرحال عام آدمی پارٹی نے کہاکہ وہ موجودہ حد سے مطمئن ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے پنکج گپتا نے کہاکہ ہم نے دہلی اسمبلی انتخابات میں اپنے مصارف کو قابو میں رکھا ہے اور سیاسی جماعتیں اس حد میں رہتے ہوئے انتخابات میں مقابلہ کرسکتی ہیں۔ بی جے پی نے کمیشن پر زور دیا کہ وہ ممکنہ حد تک کم مراحل میں انتخابات مکمل کرے۔ پارٹی نے مئی میں 4بڑی ریاستوں جیسے اترپردیش اور بہار میں انتخابات منعقد کرانے کی مخالفت کی جہاں موسم بے حد گرم ہوتا ہے۔ مختار عباس نقوی نے کہاکہ اس کی وجہ سے رائے دہی کا فیصد کم ہوگا اور فیصد میں اضافہ کیلئے الیکشن کمیشن کی مہم متاثر ہوگی۔ کئی جماعتوں جیسے بی جے پی اور جنتادل یو نے بھی انتخابی منشور کو مثالی ضابطہ اخلاق کے تحت لانے کی مخالفت کی جب کہ سی پی آئی نے کہاکہ مفت اشیاء اور تحفوں پر پابندی عائد کردی جانی چاہئے کیونکہ وہ ووٹروں کیلئے محض ایک لالچ ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں