دوستی مہم - ہندوستان سے قدیم کاریں اور بائکس کا پاکستان میں داخلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-01

دوستی مہم - ہندوستان سے قدیم کاریں اور بائکس کا پاکستان میں داخلہ

اسلام آباد
(پی ٹی آئی )
ہندوستان سے پہلی بار 40قدیم کاریں اور 10قدیم بائیکس ،آئندہ 13فروری کو سرحدپار کر کے پاکستان میں داخل ہوں گی جہاں ایک موٹر ریالی منظم کی جارہی ہے ۔ ہندوستان کی ان قدیم گاڑیوں کے ساتھ مساوی تعداد میں پاکستان کی گاڑیاں بھی شامل ہوجائیں گی ۔ یہ کوشش ،دونوں ممالک کے درمیان دوستی مہم کا حصہ ہے ۔ ہندوستان سے یہ قدیم گاڑیاں ،واگھا سرحدی کراسنگ کے راستہ پاکستان میں داخل ہوں گی اور وہاں سے پاکستان کی قدیم گاڑیاں ہوجائیں گی اور یہ تمام گاڑیاں ،لاہور انٹر نیشنل ایکسپو سنٹر میں ایک تجارتی میلہ \"دی انڈیا شو\"میں پہنچیں گی ۔ ہندوستان کے سفارتی ذرائع نے بتایا کہ گاڑیوں کو خود ان کے مالکین چلائیں گے اور لاہور میں ان گاڑیوں کی نمائش ہوگی ۔ یہ شرکاء ،کار ریالی میں بھی حصہ لیں گے ۔ پاکستان کی ایک قدیم کار کے پر جوش مالک شہباز ملک نے بتایا کہ \"یہ ایک عظیم مہم ہے ۔ ہم عرصہ دراز سے یہ خواب دیکھ رہے تھے ۔ اس کی بہت زبردست اہمیت ہے کیونکہ ہندوستان سے پہنچنے والی کاروں کے ساتھ ہماری گاڑیوں کے قافلہ کو لے جاتے ہوئے ہمیں بڑی خوشی ہوگی ۔ ہندوستانی مہمانوں کو استقبال کرنے شہباز ملک اور ونٹیج اینڈ کلاسک کار کلب آف پاکستان کے ارکان بھی واگھا سرحد پر موجود رہیں گے ۔ کئی افراد کو یہ امید ہے کہ ایک بار یہ ریالی بھی منعقد کی جاسکتی ہے جس کے لئے پاکستان کی قدیم کاریں ہندوستان کا سفر کر سکتی ہیں ۔ \"دی انڈیا شو\"کے لئے ہندوستان کے وزیر تجارت آنند شرما ،پاکستان کو دورہ کریں گے ۔ شرما کے مجوزہ دورہ پاکستان نے اسلام آباد میں ارباب اقتدار میں گویا ایک ہلچل مچادی ہے اور بہت سے لوگوں کو امید ہے کہ ہے کہ اس طرح وزیر اعظم ہند ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دورہ پاکستان کی راہ ہموار ہوگی ۔ گذشتہ دسمبرمیں وزیر اعلی صوبہ پنجاب شہباز شریف کے دورہ دہلی کے بعد سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو تقویت ملی ہے ۔ دونوں ممالک ،تجارت کے نئے شعبوں پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں ۔ ہندوستانی ہائی کمیشن نے کل اپنی نوعیت کا ایک پہلا ورکشاپ منعقد کیا جس کا مقصد پاکستانی تاجروں کو ہندوستان کے ویز اسسٹم میں دی گئی رعایتوں سے واقف کرانا تھا ۔ ہائی کمشنر ہند ٹی سی اے راگھون نے بتایا کہ \"ماضی قریب میں پاکستان سے ہندوستان کا سفر کرنے والوں کی تعداد میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے ۔ یہ رجحان 2004میں شروع ہوا تھا اور بہ اعتبار مجموعی اب تک جاری ہے \"۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی مشن ،ویزا طریقہ کو آسان تر اور تیز تر بنانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔ ویزا درخواستوں کے لئے آنے والے مہینوں میں ویب پر مبنی کار روائی میں بائیومیٹرک ٹکنالوجی سے کام لیا جائے گا ۔
Vintage cars' rally to help improve Indo-Pak ties

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں