اتر پردیش اردو اکادمی کی کئی اسکیموں کو منظوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-16

اتر پردیش اردو اکادمی کی کئی اسکیموں کو منظوری

لکھنو
( ایس این بی)
اتر پردیش اردو اکادمی کے صدر منوررانا نے عہدہ کا چارج لینے کے ساتھ ہی اکادمی کو مزید فعال بنانے اور نئی جان ڈالنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ حالانکہ اردو اکادمی کی کمیٹی کی تشکیل ابھی نہیں ہوئی ہے لیکن 10روز قبل ہی اکادمی کے صدر کے عہدہ کا چارج لینے والے منور رانا نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے آج اہم اور تاریخ ساز فیصلے کیے۔ انہوں نے کئی نئی اسکیمیں شروع کیں اور ریاست کے طلبہ و طالبات اور مصنفین کو راحت دیتے ہوئے زیر التو اکئی اسکیموں کو منظوری دی۔ اردو زبان کو عوامی سطح پر مقبول بنانے میں شعراء کا اہم کردار ہے۔ اسی کے پیش نظر انہوں نے پچاس سال سے زائد عمر والے شعراء کا اکادمی کی جانب سے انشورنس کرانے کا تاریخ ساز فیصلہ کیا ہے۔ ریاست میں فی الحال 50سال سے زیادہ کے ایک ہزار شاعروں کا انشورنس اردو اکادمی کرائے گی۔ ماہانہ پنشن پانے والے ادیبوں و شاعروں کی وفات کے بعد ان کے بیواؤں کو بھی مالی امداد دی جائے گی۔ منور رانا نے ٹھوس قدم اٹھاتے ہوئے نہ صرف 60اردو کوچنگ سنٹر قائم کرنے کی منظوری دے دی بلکہ ادباء اور شعرا ء کو ملنے والی امداد کی رقم کو دوگنا کردیا ہے۔ اسی طرح مصنفین کو ملنے والی یکمشت مالی امداد پانچ ہزار روپے سے بڑھا کر 20ہزار روپے کردی ہے۔ وظیفہ سے محروم چل رہے ہزاروں طلباء کو راحت دیتے ہوئے اکادمی کے صدر نے درجہ 6سے انٹر میڈیٹ تک کے طلبہ و طالبات کے وظائف کے لیے 38.46لاکھ روپے کی منظوری دے دی ہے۔ اپنے فیصلے کی تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے صدر منور رانا نے بتا یا کہ اکادمی کی اسکیمیں سرد پڑی تھیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں تھا۔ ان کے ذریعہ کچھ اسکیموں کو منظوری دے دی گئی ہے۔ بقیہ اسکیموں کو جلد مکمل کرنے کے لیے غور کیا جارہا ہے۔
Uttar pradesh Urdu Academy approves many welfare Schemes

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں