تلنگانہ - صنعتی و تجارتی ادارے بھی تقسیم کی طرف گامزن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-23

تلنگانہ - صنعتی و تجارتی ادارے بھی تقسیم کی طرف گامزن

پارلیمنٹ تلنگانہ بل کی منظوری کے بعد ریاست کے صنعتی وتجارتی ادارے بھی عمودی تقسیم کی طرف پیشرفت کررہے ہیں ۔ ذرائع کے بموجب صنعت کاروں کی رائے ہے کہ تقسیم بہتری کے لئے ہوگی ۔ ریاست کی تقسیم کے نتیجہ میں مارکٹ میں موجود غیر یقینی کیفیت کاخاتمہ ہوگا اور ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوں گی ۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سیما آندھرا کے ممتاز صنعت کاروں نے علیحدہ ٹریڈ وکامرس ادارے کے قیام کی کوششوں کاآغاز کردیا ہے ۔یہ ادارے غیر تلنگانہ علاقوں کے لئے ہوں گے ۔سیما آندھراانڈسٹری کے تمام تجارتی وکاروباری گھرانوں کے رجسٹرڈ اور مرکزی کارپوریٹ دفاتر وائزاگ، وجئے واڑہ، تروپتی یا نیلور کو منتقل ہوجائیں گے۔وہ ان شہروں میں آئی ٹی ، لیدر، فارما، تمباکو، مرچ اور کوٹن کی صنعتوں کو عالمی سطح پر فروغ دیں گے ۔کارپوریٹ ادارہ تو ایوگاگروپ آف کمپنیز اور اس کی کرشنا پٹنم بندرگاہ کے زیر انتظام ادارے حیدرآباد سے وشاکھاپٹنم منتقلی میں مصروف ہیں۔ اسی طرح کیسی نینی گروپ آف انڈسٹریز بھی وجئے واڑہ منتقل ہوجائے گا۔سیما صنعتی گروپس کی اکثریت جیسے جی ایم آر، جی وی کے ، ناگرجنا اور سوجنا گروپس وغیرہ بھی اپنی تجارتی سرگرمیاں حیدرآباد سے باہر منتقل کرسکتے ہیں ۔واضح ہو کہ یہ تمام تجارتی گھرانے ای ایس آئی ، ای پی ایف ، کسٹمز ڈیوٹی ، انکم ٹیکس ، سلزٹیکس اور سرویس ٹیکس وغیرہ ادا کرتے ہیں ۔ سی ای او کلب اور ینگ پریسیڈنٹس آرگنائزیشن کے ہیڈ کواٹرس بھی اپنی بنیاد منتقل کرنے پر غور کررہیں۔ کلب اور آرگنائزیشن 300کروڑ یااس کے اوپر کاٹرن اوور رکھنے والی کمپنیوں کے مالکین پر مشتمل ہے ،جس کی اکثریت سیما آندھرا سے تعلق رکھتی ہے ۔ اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ ہنوز نہیں کیا گیا ہے ،تاہم سی ای او کلب کے اجلاس میں جو بہت جلد منعقد ہوگا،قطعی فیصلہ کرلیا جائے گا، اسی دوران انفوٹیک انٹر پرائزس لمیٹڈ نے تلنگانہ اور سیما آندھرا دونوں علاقوں کی صنعتوں کی بہتری کے لئے کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ سیما آندھرا میں بڑے پیمانہ پر انتظامی وانصرامی اورسماجی انفراسٹرکچر فروغ پائے گا، جس کے نتیجے میں اس علاقہ میں زبردست ترقی دیکھنے میں آئی گی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں