کانگریس اور ٹی آرایس انضمام و مفاہمت کے سلسلہ میں مذاکرات جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-26

کانگریس اور ٹی آرایس انضمام و مفاہمت کے سلسلہ میں مذاکرات جاری

صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی(ٹی آرایس) کے چندر شیکھر راؤ نے آج ایک وفد کے ہمراہ وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ سے ملاقات کرکے پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل منظور کرانے پر ان سے اظہار تشکرکیا اور نئی ریاست سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹی آر ایس قائد و رکن پارلیمنٹ مندا جگن ناتھ نے کہاکہ وزیراعظم سے ملاقات کا بنیادی مقصد علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل پر منموہن سنگھ سے اظہار تشکر کرنا تھا۔ انہوں نے بتایاکہ چندر شیکھر راؤ اور وفد میں شامل قائدین نے تلنگانہ میں برقی قلت جیسے مسائل اٹھائے۔ انہوں نے نئی ریاست میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس جیسے ادارہ کے قیام کا مطالبہ کیا اور ریاست کو اطمینان بخش گیس مختص کرنے پر زوردیا۔ شہر حیدرآباد کے عالمی سطح کے امیج کی برقراری کیلئے مرکزی حکومت کا تعاون بھی طلب کیا گیا۔ جگن ناتھ نے کہاکہ ٹی آرایس اور کانگریس پارٹی کے درمیان انضمام یا مفاہمت کے بارے میں مناسب وقت پر فیصلہ کیا جائے گا۔ چنندہ مسائل پر بات چیت اور دونوں پارٹیوں کے درمیان جن امور پر اتفاق ہوتا ہے وہی انضمام یا مفاہمت کی بنیاد بنیں گے۔ سابق رکن پارلیمنٹ اور ٹی آرایس قائد جی ونودکمار نے تاہم بتایاکہ کانگریس اور ٹی آرایس کے درمیان مذاکرات جاری ہیں کہ آیا دونوں پارٹیوں کا انضمام عمل میں لایا جائے یا پھر انتخابی مفاہمت پوری کی جائے۔ انہوں نے بتایاکہ ہمارے سامنے دونوں راستے کھلے ہیں اور ان پر غور وخوص جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اگر ہم ایک قطعی فیصلہ پر پہنچتے ہیں تو یہ ہمارے لئے ہی بہتر ہوگا، کیونکہ اس طرح ہم تلنگانہ کو مزید ترقی یافتہ بناسکتے ہیں، تاہم انتخابات چوں کہ سر پر ہیں، اس لئے موجودہ حالات میں کانگریس پارٹی کے ساتھ انتحابی مفاہمت کی جانی چاہئے۔ انتحابات کے کانگریس اور ٹی آرایس کے انضمام کے بارے میں سوچا جاسکتا ہے۔ ونود کمار نے کہاکہ ٹی آرایس کیڈر کے ایک بڑے طبقہ کا احساس ہے کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان انضام نہیں، بلکہ انتخابی مفاہمت ہونی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پارٹی چاہتی ہے کہ چندر شیکھر راؤ تمام امور کی نگرانی کریں اور نئی ریاست کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کریں۔ ٹی آرایس سربراہ نے کل نائب صدر کانگریس راہول گاندھی سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے اتوار کے دن صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کرکے پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری پر اظہار تشکر کیا تھا۔ اس کے علاوہ دونوں پارٹیوں کے درمیان انتخابی مفاہمت یا انضمام کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے ارکان خاندان کے ہمراہ سونیا گاندھی سے ملاقات کی تھی۔ دریں اثناء حیدرآباد میں منصف نیوز بیورو کے بموجب صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے چندر شیکھر راؤ نئی دہلی میں صدرجمہوریہ، وزیراعظم، صدر کانگریس اور دیگر قائدین سے ملاقات اور تلنگانہ بل کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں منظوری کیلئے ان کی کوششوں پر اظہار تشکرکے بعدچہارشنبہ 26فروری کو حیدرآباد واپس ہورہے ہیں۔ حیدرآباد میں ان کے شاندار خیرمقدم کی تیاریاں کی گئی ہیں۔ 26فروری کو دوپہر ایک بجے بیگم پیٹ ایرپورٹ تا یادگار شہیداں تاریخی فتح ریالی منظم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ پارٹی قائدین نے تیقن دیا کہ ریالی کے دوران راہگیروں کو کوئی تکلیف نہیں ہوگی۔ چندرشیکھر راؤکا 26فروری کو دوپہر ایک بجے بیگم پیٹ ایرپورٹ پر خیرمقدم کیا جائے گا۔ ٹی آرایس کے قائدین نے چندرشیکھر راؤ کے پروگرام کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہاکہ صدر ٹی آرایس 26 فروری کو شمس آباد ایرپورٹ پہنچیں گے وہ وہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ دوپہر ایک بجے بیگم پیٹ پہنچیں گے۔ بیگم پیٹ سے وہ ریالی میں شامل ہوں گے اور یادگار شہیداں روبرو اسمبلی پہنچ کر علیحدہ تلنگانہ کی جدوجہد میں حصہ لے کر شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ رکن اسمبلی ٹی آرایس ہریش راؤ، اراکین قانون ساز کونسل ٹی سوامی گوڑ اور محمد محمود علی نے کل تلنگانہ بھون میں میڈیا کو بتایاکہ تمام پارٹی قائدین کو ان کے محلوں سے پارٹی کے کارکنوں اور تلنگانہ کے حامیوں کو بیگم پیٹ لے جانے اور انہیں تمام سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ فتح ریالی کا آغاز بیگم پیٹ سے ہوگا یہ ریالی لائف اسٹائل، سی ایم کیمپ آفس خیرت آباد، شاداں کالج، رویندر بھارتی سے ہوتے ہوئے یادگار شہیداں گن پارک پہنچے گی۔ چندر شیکھر راؤ خصوصی گھوڑوں کی بگی میں سوار ہوں گے۔ اس ریالی میں 100گھوڑے اور کئی اونٹ ہوں گے جبکہ تلنگانہ کے فن کار باجے اور مرفے پر رقص کریں گے۔ اس کے علاوہ خواتین، بتکماں اور دھوم دھام پروگرام پیش کریں گے۔ ڈی جی پی پرشاد راؤ نے ریالی کی اجازت دے دی ہے۔ پارٹی قائد ٹی ہریش راؤ، اراکین قانون سازکونسل ٹی سوامی گوڑ، محمد محمود علی قائدین نے بیگم پیٹ ایرپورٹ سے گن پارک تک ریالی کے انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔

Telangana Rashtra Samithi (TRS) and congress integration and reconciliation process

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں