دہلی اسمبلی میں آج جن لوک پال بل کی پیشکشی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-13

دہلی اسمبلی میں آج جن لوک پال بل کی پیشکشی

عام آدمی پارٹی کی جانب سے جمعرات کو دہلی اسمبلی میں جن لوک پال بل پیش کیا جائے گا جس کے لیے مرکز سے منظوری کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ دہلی حکومت کے اس اقدام کو کانگریس اور بی جے پی غیر دستوری قرار دے رہے ہیں۔ عام آدمی حکومت نے اجلاس کا آخری دن اندرا گاندھی انڈور اسٹڈیم میں منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور اس فیصلہ پر نظر ثانی کرنے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ کی درخواست کو بھی مسترد کر دیا گیا ہے۔
مرکز کی منظوری کے بغیر جن لوک پال بل کی دہلی اسمبلی میں پیشکشی پر بحث کے بیچ عام آدمی پارٹی اس مسئلہ پر ووٹنگ چاہتی ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ اگر کانگریس اور بی جے پی بل کی پیشکشی کے خلاف ووٹ دیتے ہیں تو دہلی حکومت مستعفی ہو جائے گی۔
دریں اثنا آئی اے این ایس کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب دہلی کی حکومت نے آج 24 ہزار افراد کو برقی بلوں کی مکمل ادائیگی سے استثنیٰ دے دیا جنہوں نے من مانی برقی بلوں کے خلاف عام آدمی پارٹی حکومت کی مہم میں حصہ لیا تھا۔ اروند کجریوال حکومت نے ایسے لوگوں کو انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے ان کی مہم کی تائید کی تھی۔ جن لوگوں نے وزیر اعلیٰ کجریوال کی اپیل پر اکتوبر 2012 اور اپریل 2013 کے دوران برقی بل ادا نہیں کیے تھے ، انہیں اس عرصہ کے لیے اب صرف 50 فیصد بقایا جات ادا کرنے پڑیں گے اور ان پر کوئی جرمانہ بھی عائد نہیں کیا جائے گا۔ باقی رقم کا احاطہ کرنے حکومت سبسیڈی دے گی۔ اطلاعات کے مطابق عوام کے لیے عام آدمی پارٹی کی اس رعایت سے حکومت پر 6 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ عائد ہوگا۔

Jan Lokpal Bill likely to be tabled in Delhi Assembly today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں