عشرت جہاں کو دہشت گرد قرار دینے میں آئی بی ڈائرکٹر کا رول - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-10

عشرت جہاں کو دہشت گرد قرار دینے میں آئی بی ڈائرکٹر کا رول

انٹلی جنس بیورو کے سابق ڈائرکٹر راجندر کمار مبینہ طورپر وزارت داخلہ کی جانب سے داخل کردہ حلف نامہ کے کرتا دھرتا تھے جس میں گجرات پولیس کے فرضی انکاونٹر میں ہلاک 19سالہ عشرت جہاں کو دہشت گرد قرار دیا گیا تھا۔ انکاونٹر کیس میں پیش کردہ اپنی ضمنی چارج شیٹ میں سی بی آئی نے الزام لگایا کہ کمار نے وزارت داخلہ کو یہ اطلاع دی تھی کہ عشرت ایک دہشت گرد ہے۔ ایجنسی کے مطابق ایک حلفنامہ میں عشرت کو محض اس لئے دہشت گرد قراردیا گیا تھا تاکہ ممبئی کی طالبہ اور اس کے ساتھ 3دیگر نوجوانوں کی ہلاکت کے واقعہ کو حقیقی انکاونٹر ثابت کیا جائے اور یہ حلفنامہ کمار نے تیار کیا تھا۔ ایجنسی کے مطابق اس وقت کے نائب معتمد داخلہ آر وی ایس منی نے صرف دو ماہ سے بھی کم عرصہ میں گجرات ہائی کورٹ میں دو حلفنامہ پیش کئے۔ جس میں عشرت کے واقعہ کے بارے میں متضاد آراء دی گئیں۔ 16اگست 2009ء کو پیش کردہ حلفنامہ میں کہا گیا کہ عشرت اور دیگر تین نوجوان دہشت گرد تھے جبکہ 30ستمبر 2009 کو پیش کردہ ایک اور حلفنامہ میں منی نے دعویٰ کیا کہ یہ ماننے کا کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہے کہ عشرت ایک دہشت گرد تھی۔ ایجنسی نے الزام لگایا کہ 6اگست 2009ء کو حلفنامہ راجندر کمار کا تیار کردہ تھا کیونکہ اسے خدشہ لاحق ہوگیا تھا کہ انکاونٹر میں اس کا رول بے نقاب ہوسکتا ہے جسے سی بی آئی نے فرضی قراردیا ہے۔ سی بی آئی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہاکہ چاروں مہلوکین کے بارے میں تفصیلات اس حقیقت کو تبدیل نہیں کرتے کہ انکاونٹر فرضی تھا اور انٹلی جنس بیورو اور گجرات پولیس کی جانب سے مشترکہ طورپر باضابطہ اسٹیج کیا گیا تھا۔ عشرت، اس کے دوست جاوید شیخ اور دیگر دو نوجوانوں کو پاکستانی شہری ہونے اور نریندر مودی کو ہلاک کرنے کی مہم پر ہونے کا الزام لگاتے ہوئے تقریباً ایک دہا قبل گجرات پولیس نے ہلاک کردیا تھا۔ سی بی آئی نے اس کیس کی ضمنی چارج شیٹ میں کمار کا نام ملزمین کی فہرست میں شامل کیا ہے جو اس وقت آئی پی کا جوائنٹ ڈائرکٹر تھا اور گجرات میں تعینات تھا۔ اس کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 120-B (مجرمانہ سازش) دفعہ 302 (قتل) اور دیگر دفعات عائد کئے گئے۔

Former IB special director Rajinder Kumar behind affidavit declaring Ishrat Jahan a terrorist, says CBI

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں