شمس آباد ایرپورٹ پر یوزر ڈیولپمنٹ فیس برخاست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-26

شمس آباد ایرپورٹ پر یوزر ڈیولپمنٹ فیس برخاست

ایرپورٹس اکنامک ریگولیٹری اتھاریٹی نے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر وصول کئے جارہے یوزر ڈیولپمنٹ چارجس(فیس) کو برخاست کردیا ہے۔ جی ایم آر گروپ کے زیر انتظام راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر یکم اپریل سے یوزر چارجس وصول نہیں کئے جائیں گے۔احکام نے پاسنجر سرویس فیس کو یوزر چارجس میں ضم کردینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایرپورٹس اکنامک ریگولیٹری اتھاریٹی نے تاہم شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے معاملہ میں یکم اپریل تا31 مارچ 2016ء یوزرس چارجس کو صفر مقرر کردیا ہے۔ گھریلو اور بین الاقوامی دونوں مسافرین کیلئے یہ فیصلہ لاگو ہوگا۔ حکام نے اس سلسلہ میں کل احکام جاری کئے ہیں۔ قبل ازیں تمام فریقین سے مشاورت کرتے ہوئے دو سال کیلئے یوزر چارجس برخاست کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح ہوکہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر گھریلو مسافرین سے یوزر ڈیولپمنٹ چارجس کے نام پر 430 روپئے کے علاوہ ٹیکس جملہ 484 روپئے اور بین الاقوامی مسافرین سے 1700 روپئے کے علاوہ ٹیکس جملہ 1910 روپئے وصول کئے جاتے ہیں۔ ایرپورٹ کی تعمیر میں لگائے گئے سرمایہ کی وصولی کے نام پر چارجس وصول کئے جارہے ہیں۔ ربط پیدا کرنے پر جی ایم آر حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ایک ترجمان نے بتایاکہ ہم ایرپورٹس اکنامک ریگولیٹری اتھاریٹی کے احکام کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس سے پہلے اس موضوع پر ہم کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔ واضح ہوکہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کو جی ایم آر گروپ حکومت آندھراپردیش اور ملائیشیا ایرپورٹس ہولڈنگس بیرہارڈس نے تعمیر کیا تھا جس میں سب سے بڑا حصہ جی ایم آر گروپ کا ہے۔ ایرپورٹ کا مارچ 2008ء میں آغاز ہوا تھا۔ اتھاریٹی کے فیصلہ سے جی ایم آر گروپ کا زبردست دھکا پہنچا ہے۔ جی ایم آر نے دنیا کے مختلف مقامات سے یہاں پہنچنے والے مسافرین سے بھی یوزر ڈیولپمنٹ چارجس وصول کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس سلسلہ میں حکام کو درخواست بھی پیش کردی گئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایرپورٹ کے آغاز کے بعد جی ایم آر گروپ کو کبھی بھی منافع حاصل نہیں ہوا اور وہ گذشتہ سال تک بھی ایک کروڑ روپئے کے خسارہ سے دوچار تھا، تاہم جاریہ مالیاتی سال کے پہلے نصف میں اسے 50 کروڑ روپئے کا منافع حاصل ہوا۔ شمس آباد ایرپورٹ پر مسافرین کی مجموعی آمدورفت میں 5فیصد کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔

Hyderabad airport passengers not to pay user development fee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں