بنیادی سطح پر اردو کو درپیش مسائل کا جائزہ لینے کا اقدام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-03

بنیادی سطح پر اردو کو درپیش مسائل کا جائزہ لینے کا اقدام

آندھراپردیش اسٹیٹ اقلیتی کمیشن نے اردو زبان کی ترقی و ترویج کیلئے ایک کمیٹی کا قیام عمل میں لایا ہے۔ آج سکریٹریٹ کے ایچ بلاک میں واقع کمیشن کے دفتر پر کمیٹی کا پہلا اجلاس جناب عابد رسول خان صدرنشین اقلیتی کمیشن اے پی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اردو زبان کو مستحکم کرنے کیلئے کمیٹی کے اراکین نے مختلف تجاویز پیش کئے۔ نیز 4رکنی کمیٹی کو دو حصوں میں منقسم کیا گیا تاکہ بنیادی سطح پر اردو کو جو مسائل درپیش ہیں ان کا جائزہ لیا جاسکے۔ کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا کہ سرکاری مدارس میں اردو کے طلباء اور اساتذہ کی تفصیلات حاصل کریں اور خانگی مدارس جو انگریزی میڈیم کے ہیں، ان میں اردو مادری زبان رکھنے والے کتنے طلبہ ہیں اور وہ کیوں اردو کو دوسری سرکاری زبان کی حیثیت سے اختیار نہیں کرتے اس کے علاوہ حکومت آندھراپردیش نے تاحال اردو کی ترقی کیلئے کتنے جی اوز جاری کئے ہیں اور ان پر کس حد تک عمل درآمد ہوسکا ہے۔ کمیٹی برائے ترویج اردو زبان کے اراکین محمد عبدالرب انصاری، ایس کے افضل الدین، محمد مسعود الدین احمد، عنایت علی، سعد اﷲ خان سبیل، رؤف خیر،خواجہ نصیر الدین، سید شوکت، سید ہدایت، ڈاکٹر عبدالوارث دیگر اراکین نے اس اہم ترین اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے آخر میں صدر اقلیتی کمیشن آندھراپردیش جناب عابد رسول خان نے کہا کہ اندرون ایک ماہ کمیٹی کو چاہئے کہ وہ اپنی رپورٹ کمیشن کو پیش کرے تاکہ اس پر مزید گفتگو کرنے کے بعد ان تمام سفارشات کو حکومت آندھراپردیش کو پیش کیا جائے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں