گاندھی جی کی 66 ویں برسی - قوم کا خراج عقیدت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-31

گاندھی جی کی 66 ویں برسی - قوم کا خراج عقیدت

نئی دہلی۔
(آئی اے این ایس)
بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 66ویں برسی کے موقع پر آج ساری قوم نے انہیں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی، وزیراعظم منموہن سنگھ کی قیادت میں خراج عقیدت پیش کیا۔ صدرجمہوریہ اور وزیراعظم کے علاوہ نائب صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری نے راج گھاٹ پر بابائے قوم کی سمادھی پر گلہائے عقیدت نچھاور کئے۔ وزیر دفاع اے کے انٹونی، وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے، یوپی اے صدرنشین سونیا گاندھی، سینئر بی جے پی قائدین بشمول ایل کے اڈوانی اور تین مسلح افواج کے سربراہوں نے بھی مہاتما گاندھی کی یادگار(سمادھی) کے درشن کئے اور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ راج گھاٹ پہنچ کر خراج پیش کرنے والوں میں چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال، ان کے کابینی رفقاء راکھی برلا، سومناتھ بھارتی اور ستیندر جین بھی شامل تھے۔ کجریوال اور دہلی اسمبلی کے ارکان نے قدیم سکریٹریٹ کے اسمبلی کامپلکس میں بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ متعدد مرکزی وزراء، متعدد سیاسی جماعتوں کے قائدین اور مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں نے بھی راج گھاٹ پہنچ کر بابائے قوم کو خراج پیش کیا۔ ایک ہمہ مذہبی دعائیہ اجتماع بھی منعقد ہوا جس میں ہندو، مسلم، بدھسٹ، عیسائی، جین، پارسی اور سکھ مذہبی رہنماؤں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر مختلف اسکولوں کے تقریباً 250 طلباء بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بھکتی گیت گائے گئے۔ آج شام گاندھی سمرتھی پر جس کو سابق میں برلا ہاوز کے نام سے جانا جاتاتھا، ایک ہمہ مذہبی دعائیہ اجتماع منعقد ہوا۔ 30جنوری 1948ء کو اسی مقام پر گاندھی جی کو گولی ماردی گئی تھی۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور دہلی اسمبلی کے ارکان نے آج مہاتما گاندھی کی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ کجریوال اور اسپیکر ایم ایس دھیر نے اولڈ سکریٹریٹ میں اسمبلی کامپلکس پر مہا تما گاندھی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت نچھاور کئے۔ وزیر قانون سومناتھ بھارتی ، وزیر برائے بہبودی خواتین و اطفال راکھی برلا اور بی جے پی لیڈر ہرش وردھن نے بھی گلہائے عقیدت پیش کئے۔ گندھروا مہا ودیالیہ کے فنکاروں نے اس موقع پر مہاتما گاندھی کے پسندیدہ بھجن سنائے۔

Nation pays tribute to Mahatma Gandhi on his 66th death anniversary

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں