راجیہ سبھا کی 55 نشستوں کیلئے 7 فروری کو انتخابات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-14

راجیہ سبھا کی 55 نشستوں کیلئے 7 فروری کو انتخابات

راجیہ سبھا کی 55نشستوں کیلئے 7فروری کو انتخابات منعقد ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے آج اس بات کا اعلان کیا۔ کمیشن کے مطابق اسی دن یعنی 7فروری کو ہی نتائج کا اعلان ہوگا۔ جاریہ سال اپریل 2تا14 کے دوران دو سالہ معیاد کیلئے راجیہ سبھا کی 55 نشستیں خالی ہوگئی ہیں۔ مہاراشٹرا سے 7، ٹاملناڈو اور آندھراپردیش سے چھ چھ، مغربی بنگال میں پانچ، اوڈیشہ اور گجرات میں چار، آسام، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں تین نشستوں پر مقابلے ہوں گے۔ چھتیس گڑھ، ہریانہ اور جھارکھنڈ میں دو دو نشستوں پر اور ہماچل پردیش، میگھالیہ اور منی پور میں ایک ایک نشست پر رائے دہی ہوگی۔ ان انتخابات کیلئے اعلامیہ 21جنوری کو جاری ہوگا۔ 28جنوری تک پرچوں کی جانچ ہوگی۔ پرچہ جات نامزدگی واپس لینے کیلئے 31جنوری مقرر کی گئی ہے۔ راجیہ سبھا کیلئے انتخابات کا عمل 10فروری تک مکمل کرلیا جائے گا۔ اسی دوران الیکشن کمشنر ایچ ایس برہما نے بتایاکہ لوک سبھا انتخابات 5یا6مرحلوں میں منعقد ہوں گے۔ اس کیلئے فروری کے آخری یا مارچ کے پہلے ہفتہ میں تاریخ کا اعلان ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ 2009ء میں لوک سبھا انتخابات پانچ مرحلوں میں منعقد ہوئے تھے۔ اس مرتبہ شاید 6مرحلوں میں منعقد ہوسکتے ہیں۔ وزارت داخلہ کے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد اورملک کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ایچ ایس برہما نے تمام سیاسی جماعتوں کو وارننگ دی کہ وہ اپنے حریفوں پر شخصی حملے کرنے سے گریزکریں۔ سیاسی لیڈروں کو شرافت کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ انتخابات کیلئے سرکاری فنڈس کی فراہمی سے متعلق انہوں نے کہاکہ سابق میں اس طرح کی تجاویز پیش کی گئی تھیں، تاہم ان پر ابھی فیصلہ کیا جاسکا ہے۔ آنے والے انتخابات میں البتہ سرکاری فنڈس فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے جو کہ عبوری نوعیت کا ہے۔ الیکشن کمشنر نے انتخابات سے قبل اوپنین پولس پر پوری طرح سے پابندی عائد کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔

elections for 55 Rajya Sabha seats February 7

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں