یو پی اے سب سے کمزور سرکار - ملائم سنگھ یادو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-12

یو پی اے سب سے کمزور سرکار - ملائم سنگھ یادو

سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے آج مرکز کی کانگریس کی زیر قیادت یوپی اے سرکار کو ملک کی سب سے زیادہ ’بے شرم، کمزور اورگھٹیا، سرکار قرار دیا اور کہاکہ آئندہ لوک سبھا الیکشن ان کے وقار کا مسئلہ بن چکا ہے اور ملک کے نوجوان اس الیکشن میں سماج وادی پارٹی کو اکثریت دلاکر ملک کی سیاست میں تبدیلی کا آغاز کریں۔ سماج وادی کے سربراہ نے ملک میں مسلمانوں کو شک کی نگاہ سے دیکھے جانے پر افسوس ظاہر کیا اور ملک کی ترقی میں اس طبقہ کی خدمات کا ذکر کیا۔ وہیں مظفر نگر فسادات پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے اس معاملے پر سیاست کرنے والوں کوکھری کھوٹی بھی سنائی۔ ملائم سنگھ نے یہاں پارٹی کی "دیس بچاؤ، دیس بناؤ" ریلی میں کہا کہ "کتنے افسوس کی بات ہے کہ ہمارے ملک کے کسانوں نے غذائی اجناس پیداکئے اور دوسری طرف بھکمری ہورہی ہے۔ مرکز کیلئے یہ شرم کی بات ہے کہ اس نے اسے سنجیدگی سے نہیں لیا،۔ ملائم سنگھ یادو نے دعویٰ کیا کہ آمدنی کے معلوم ذرائع سے زائد جائیداد رکھنے کے معاملے میں سی بی آئی نے ان کے رشتہ داروں اور معاونین کی بھی خفیہ طورپر جانچ کی تھی لیکن وہ آخر کار بے داغ ثابت ہوئے۔

دریں اثناء پی ٹی آئی کے بموجب کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج بنگلورمیں نوجوانوں کے ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس نے ملک کیلئے بہت کام کیا ہے، لیکن مارکٹنگ میں پارٹی ناکام ثابت ہورہی ہے۔ اپوزیشن جماعتیں کام کم لیکن چیخ و پکار زیادہ کرتی ہے۔ کانگریس وہ واحد جماعت ہے جو غریب امیر، ہندو مسلم اور تمام طبقات کو اپنے ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ راہول گاندھی نے طلباء، پروفیشنلس، سائنسداں، سماجی کارکن، محققین اور دیگر مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں سے بند دروازہ کے اجلاس میں خطاب کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ آج کی سیاست میں نوجوانوں کومواقع حاصل نہ ہونے کا بنیادی سبب امیدواروں کے انتخاب کا ناقص طریقہ کار ہے۔ انہوں نے شرکائے اجلاس سے سوال کیا کہ کیا کسی پارٹی نے عوام سے کبھی پوچھا ہے کہ وہ کس قسم کا امیدوار چاہتے ہیں؟ اس اجلاس میں سینئر لیڈر ڈگ وجئے سنگھ، منیش تیواری، سچن پائلٹ اور جتندر سنگھ بھی موجودتھے۔ ایک اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ انفوسس کے بانی صدر اورآدھار پروگرام کے سربراہ نندن نیلے کنی بھی اس اجلاس میں شامل تھے، جنہوں نے بنگلور سے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے حال ہی میں کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔ چند دن قبل یہ اطلاع گشت کررہی تھی کہ نندن نیلکنی کو کانگریس کی جانب سے وزارت عظمی کا امیدوار بنایاجاسکتا ہے۔ وہ صاف ستھرا کردار رکھنے والے اور بین الاقوامی شہرت یافتہ آئی ٹی پروفیشنل کی حیثیت سے ممتازمقام رکھتے ہیں۔

UPA govt is anti-backward: Mulayam Singh Yadav

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں