یوم جمہوریہ پریڈ میں کرناٹک جھانکی مرکز توجہ بنے گی - روشن بیگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-26

یوم جمہوریہ پریڈ میں کرناٹک جھانکی مرکز توجہ بنے گی - روشن بیگ

اس مرتبہ نئی دہلی میں منعقد ہونے والے یوم جمہوریہ پریڈ میں ریاستی محکمہ اطلاعات کی جانب سے اولین مجاہد آزادی شیر میسور ٹیپو سلطان کی جانبازی اور قربانیوں سے متعلق جھانکی تیار کی گئی ہے، جسے پریڈ میں شامل بھی کرلیا گیا ہے، اس خصوص میں وزیر اطلاعات، انفراسٹرکچر و حج آرروشن بیگ نے بتایاکہ سدرامیا قیادت والی کانگریس حکومت نے شیر میسور کی قربانیوں سے متعلق عوام تک حقائق پہنچانے کے مقصد سے اس جھانکی کو تیار کیاہے۔ جھانکی کے ذریعہ ہی سہی ریاستی حکومت حضرت ٹیپو سلطان شہیدؒ کی قربانیوں کا اعتراف کرے گی۔ جناب روشن بیگ نے بتایاکہ حضرت ٹیپوسلطان نے بہترین سلطنت قائم کرتے ہوئے تمام طبقات کے ساتھ مساوی سلوک کرنے کے ذریعہ ثابت کردیا کہ وہ ایک سچے محب وطن ہیں۔ انہوں نے ملک کو آزاد کرانے کیلئے اپنے بچوں کو رہن تک رکھ دیا۔ سابق صدرجہموریہ ہند اے پی جے عبدالکلام نے خود ٹیپوسلطان شہیدؒ کی تخلیقی صلاحیتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے انہیں اس دور میں راکٹ کا اولین معمار قرار دیتے ہوئے ان کی شخصیت کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ملک پر قابض انگریز حکومت کے خلاف علم آزادی بلند کرنے والے شہید وطن ٹیپوسلطان نے جس بے لاگ حب الوطنی اور رعایا پروری کا مظاہرہ کیا، ملک کی تاریخ میں ایسی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔ ٹیپوسلطان نے ہمیشہ اسی قول کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا کہ گیدڑ کی سوسالہ زندگی سے شہر کی ایک روزہ زندگی جینا وہ پسند کریں گے۔ انگریز حکومت کے شیطانی منصوبوں کی بھنک جن ہندوستانی حکمرانوں کو لگی ان میں سرفہرست ٹیپوسلطان کا نام ہے۔ انہوں نے محسوس کرلیا تھا کہ ایسٹ انڈیا کمپنی ہندوستان پر اپنا غلبہ حاصل کرنا چاہتی ہے۔ اسی لئے انہوں نے انگریزوں کے منصوبوں کو ناکام کرنے کا بیڑہ اٹھاے، اور آخر کار ان سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش فرمائی۔ آج ٹیپوسلطان کی یاد ایک ایسے دیدہ ور کے طورپر کی جاتی ہے ، جن کا تاریخ میں شمار ایک انسانیت پرور، ترقی سے سرشار نظریہ کا حامل حکمران کے طورپر کیا جاتا ہے۔ اپنی بہترین انتظامی صلاحیتوں اور سفارتی پالیسیوں کے ذریعہ ٹیپو سلطان نے امیر افغانستان اور سلطان ترکی سے سے بہترین روابط قائم کئے تھے۔ اپنی ریاست میں فروغ تجارت کیلئے انہوں نے دور اندیشی سے کئی قدم اٹھائے تھے۔ اپنے رعیتوں کو آبپاشی کی سہولتیں مہیا کرانے کیلئے ٹینک اور بہترین سڑکوں کی تعمیر کروائی تھی۔ ٹیپوسلطان کے دور اقتدار میں فرانسیسی وزن کا نظام رائج کیا گیا تھا۔ ٹیپو سلطان کو اس دور میں ترقیات جدید کا حامل قرار دیا جاتا تھا۔

The Killer Sword of Tipu sultan is the Republic day parade tableau from Karnataka

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں