افغان زیر قیادت امن مساعی کی بھرپور تائید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-18

افغان زیر قیادت امن مساعی کی بھرپور تائید

افغان زیر قیادت امن مساعی کی پرزور حمایت کرتے ہوئے ہندوستان نے آج افغانستان میں قیام امن کے سلسلہ میں محتاط رویہ اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ ناکافی تیاری کے ساتھ کوئی بھی پہل جنگ سے تباہ اس ملک کیلئے خطرناک ہوسکتی ہے۔ معتمد خارجہ سجاتا سنگھ نے کہاکہ ہندوستان، افغان زیر ملکیت اور زیر قیادت امن مساعی شروع کرنے کی کوشش کی حمایت کرتا ہے اور اس توقع کا اظہار کیا کہ اس کی وجہہ سے مختلف گروپس کے درمیان مفاہمت میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم سب کو اس افغان زیر قیادت عمل کی حمایت کرنی چاہئے۔ انہوں نے ہندوستان کے موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا "ایسا کرتے ہوئے ہمیں یہ بات ذہن میں رکھنی ہوگی کہ افغانستان کی مدد کیلئے شروع کی گئی کوئی بھی پہل اگر ناکافی تیاریوں کے ساتھ شروع کی جائے اور اسے مکمل عملی جامہ نہ پہنایا جائے تو یہ کوئی پہل نہ کرنے سے زیادہ خطرناک ہوگا"۔ معتمد خارجہ استنبول مساعی کی نمائندگی کرنے والے سینئر عہدیداروں کی میٹنگ سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے اپریل میں صدارتی انتخابات کا انعقاد عمل میں لانے صدر حامد کرزئی کی کوششوں کی ستائش کی اور کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ سارے افغانستان کو متحد کرنے والے انتخابات کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں۔ اس انتخابی عمل کو اصل خطرہ انتہا پسند گروپس کی مسلسل سرگرمیوں سے لاحق ہے جو سیکورٹی کو ختم کرنے اور افغان شہریوں کو اپنے خط اعتماد کا استعمال کرنے کے حق سے روکنے کوشاں ہیں۔

Support Afghan-led peace process, address transit issue: India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں