عام انتخابات میں شکست کانگریس کا مقدر ہو چکی - راجناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-18

عام انتخابات میں شکست کانگریس کا مقدر ہو چکی - راجناتھ سنگھ

بی جے پی صدر راجناتھ سنگھ نے آج مرکز کی یوپی اے حکومت کو غیر کارکرد اثانہ (این پی اے) قرار دیتے ہوئے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو اکثریت حاصل کرنے سے روکنے ہر ترکیب آزما رہی ہے تاکہ ایک کمزور حکومت قائم ہو۔ راجناتھ سنگھ نے یہاں بی جے پی کے سہ روزہ قومی عاملہ اور کونسل کے اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس نے چار ریاستوں کے حالیہ انتخابات میں ہزیمت کے بعد اپنی شکست قبول کرلی ہے۔ پارٹی ترجمان پرکاش جاودیکر نے راجناتھ سنگھ کے حوالے سے کہا "بی جے پی صدر نے کہا ہے کہ کانگریس نے یہ نوشتہ دیوار پڑھ لیا ہے کہ 2014ء کے عام انتخابات میں اسے شکست ہونے والی ہے"۔ راجنتاھ سنگھ نے مزید کہاکہ یہی وجہ ہے کہ کانگریس یہ نہیں چاہتی کہ بی جے پی کو اس کے وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی کی زیر قیادت قطعی اکثریت حاصل ہو۔ انہوں نے مزید کہاکہ بیجا حکمرانی، فیصلہ سازی کے فقدان اور یو پی اے حکومت کے کرپشن کی وجہہ سے کانگریس کے خلاف عوام میں برہمی پائی جاتی ہے۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں عوام نے اپنی برہمی کا اظہار کیا ہے۔ یوپی اے اب این پی اے بن چکی ہے اور عوام اس اتحاد کو بے دخل کرنا چاہتے ہیں۔ راجناتھ سنگھ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے آئندہ لوک سبھا انتخابات کے بعد مضبوط حکومت تشکیل دے گی۔ راجناتھ سنگھ نے اس اندیشہ کا بھی اظہار کیا کہ بعض بیرونی طاقتیں بھی نہیں چاہتیں کہ ہندوستان ایک مضبوط ملک بنے۔ پرکاش جاودیکر نے کہاکہ راجناتھ سنگھ نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی پر پارٹی کے چیف منسٹرس وسندھرا راجے،شیوراج سنگھ چوہان اور رمن سنگھ کی ستائش کی۔

Congress trying every trick to keep bjp from coming to power: rajnath

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں