ریاستی اقلیتی کمیشن صدور کی سالانہ کانفرنس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-12

ریاستی اقلیتی کمیشن صدور کی سالانہ کانفرنس

موجودہ یوپی اے حکومت جس کی معیاد چند ماہ بعد اپریل میں لوک سبھا انتخاباتکے ساتھ ختم ہورہی ہے، اقلیتوں کیلئے وزیراعظم کے 15نکاتی پروگرام کا جامع جائزہ لے رہی ہے۔ وزارت اقلیتی امور پیر کے دن یہاں ریاستی اقلیتی وزارتوں کے ساتھ ایک سالانہ کانفرنس منعقد کررہی ہے جس کا موضوع وزیراعظم کے 15نکاتی پروگرام کے اثرات کاجائزہ ہوگا۔ وزیراعظم منموہن سنگھ خود اس کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ سال 2006ء میں شروع کردہ نئے 15نکاتی پروگرام کے مقاصد میں اقلیتوں کی خوشحالی، تحفظ اور ترقی کو یقینی بنانا شامل ہے۔ اس پروگرام کے دوران اس بات کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی کہ حکومت کے مختلف ترقیاتی پروگراموں اوراسکیموں کے فوائد اقلیتوں بالخصوص اقلیتی مرکوز علاقوں میں مقیم افراد تک مساوی انداز میں پہنچیں۔ اس پروگرام کے مطابق جہاں کہیں ممکن ہو انسداد غربت اسکیمات کے تحت 15فیصد حصہ اقلیتوں کیلئے مختص کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ حکومت بشمول عوامی شعبہ میں اقلیتوں کی مناسب نمائندگی ک یقینی بنایا جاتا ہے۔ قومی اقلیتی کمیشن اور ریاستی اقلیتی کمیشن اقلیتوں کے سماجی و معاشی حالات کو بہتر بنانے مناسب اقدامات تجویزکرتے ہوئے سرگرم رول ادا کرتے ہیں۔ 15نکاتی پروگرام کا یہی مقصد ہے۔ ریاستی اقلیتی کمیشنوں کی کانفرنس ہر سال منعقدکی جاتی ہے تاکہ ریاستیں اس پر تبادلہ خیال کرسکیں اوراقلیتوں کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں ہونے والے تجربات سے ایک دوسرے کو واقف کراسکیں۔ اس کانفرنس میں پروگرام کے تحت ملنے والی کامیابی پر غور کیا جائے گا اور آگے درپیش چیلنجوں اوران سے نمٹنے کے طریقوں پر غورو خوص ہوگا۔ اقلیتوں کی ترقی کیلئے ان اسکیمات کومرکوزکرنے کیلئے درکار اقدامات پر بات چیت کی جائے گی۔

Annual conference of State Minorities Commission begins

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں