راہل گاندھی کی زیر قیادت کانگریس ناکام - بی جے پی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-01

راہل گاندھی کی زیر قیادت کانگریس ناکام - بی جے پی

ان اطلاعات کے دوران کے راہول گاندھی کو کانگریس کا وزارت عظمی امیدوار بنایا جائے گا، بی جے پی نے کہا ہے کہ حالیہ اسمبلی انتخابات کے نتائج نے یہ ظاہر کردیا ہے کہ راہول کی زیر قیادت پارٹی ناکام ہوچکی ہے اور لوک سبھا انتخابات میں بھی اس کے بہتر مظاہرہ کا کوئی امکان نہیں۔ سینئر بی جے پی لیڈر یشونت سنہا نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایاکہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے مظاہرہ کے بعد حکمراں جماعت کیلئے اپنا وزارت عظمی امیدوار منتخب کرنا آسان نہیں ہوگا۔ اس کے برعکس بی جے پی کے پاس ایک واضح انتخاب تھا۔ اگر وہ راہول گاندھی کو وزارت عظمی امیدوار بناتے ہیں تو ہر شخص اس بات سے واقف ہے کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ساتھ کیا ہوا تھا۔ سارا ملک جانتا ہے کہ راہول گاندھی کہیں بھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔ ان قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہ راہول گاندھی کو ترقی دئیے جانے سے بی جے پی کو خطرہ ہوسکتاہے، انہوں نے کہاکہ راہول گاندھی کی زیر قیادت کانگریس کے بہتر مظاہرہ کا کوئی امکان نہیں۔ یہ پہلے ہی دیکھا جاچکا ہے۔ بی جے پی کے نائب صدر مختار عباس نقوی نے اس بات کو اجاگر کیا کہ کانگریس کو یہ سمجھنا ہوگا کہ وہ بیجا حکمرانی کے ساتھ کرپشن کے داغ کو نہیں دھوسکتی۔ اگر کانگریس ایسا کرنا چاہئے تو یہ داغ پارٹی کے چہرے اور ہاتھوں پر مزید پھیل جائے گا۔ راہول گاندھی کو وزارت عظمی امیدوار بنائے جانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ چاہے کانگریس اپنے وزارت عظمی امیدوار کا اعلان کرے یا نہ کرے، چاہے وہ انہیں تبدیل کرے یا کوئی نیا امیدوار لائے، یہ اس کی مرضی ہے۔ آئندہ دو ماہ میں وہ جو چاہے کرسکتی ہے لیکن آج کانگریس اس داغ کو دھونے میں مصروف ہے۔ وزیر فینانس پی چدمبرم نے کل کہا تھا کہ کانگریس کو آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات کیلئے اپنی وزارت عظمی امیدوار کا اعلان کردینا چاہئے جس کے ایک دن بعد بی جے پی نے یہ تبصرہ کیا ہے۔ کانگریس ترجمان سندیپ ڈکشت نے کہاکہ چدمبرم نے پہلے بھی دو تین مرتبہ کہا ہے کہ ہمیں اپنے قائد کو عوام کے سامنے پیش کردینا چاہئے۔ اس مرتبہ شاید انہوں نے سونیا گاندھی کے کچھ عرصے پہلے دئیے گئے بیان کو بھی اس میں جوڑ دیا ہے کہ ہم اپنے وزارت عظمی امیدوار کے نام کا اعلان کریں گے۔ کانگریس ذرائع نے اس امکان کو بھی خارج کردیا کہ وزیراعظم منموہن سنگھ 3جنوری کو اپنی پریس کانفرنس کے دوران یا اس کے بعد مستعفی ہوجائیں گے اور راہول گاندھی ان کے عہدہ کا جائزہ لیں گے۔

Rahul Gandhi-led Congress failed - BJP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں